
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ تعلقات خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے نئے عہد میں داخل ہو گئے ہیں، پاکستان چین کے ساتھ اپنی فقید المثال دوستی پر فخر کرتا ہے، پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے سفیر نونگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں چیئرمین سینیٹ نے پاکستان میں نئے تعینات ہونے والے چین کے سفیر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ تعلقات خطے کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے نئے عہد میں داخل ہو گئے ہیں۔پاکستان چین کے ساتھ اپنی فقید المثال دوستی پر فخر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے باہمی تعلقات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔پارلیمانی سفارتکاری اہم دوطرفہ روابط کو مضبوط بنانے میں موثر کردار ادا کرتی ہے۔ دونوں ممالک کے مابین ادارہ جاتی معاونت کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کے استحکام اور علاقائی ترقی کیلئے مشترکہ ویژن کا نتیجہ ہے۔ علاقائی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کی بھر پور استعداد موجود ہے۔عوامی سطح پر دوطرفہ روابط کو مزید استحکام دینے سے دیرینہ شراکت داری مزید مضبوط ہوگی۔ اس موقع پر چینی سفیرنونگ رونگ نے چیئرمین سینیٹ کے نقطہ نظر کو سراہا اور کہا کہ پاکستان چین کیلئے انتہائی اہم ملک ہے۔ دونوں ملکوں کا ترقی و خوشحالی کا وڑن مشترکہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی، سیاسی اور اقتصادی تعاون کو مزید استحکام دینے کی ضرورت ہے۔



