
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ سے چینی سفیر نونگ رونگ نے خصوصی ملاقات کی ۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا- اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے چینی سفیر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا- وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان اور چین دو جسم ایک جان ہیں- چینی سفیر نے وزیر داخلہ کی بات سے اتفاق کرتے ہوتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون ہمیشہ مثبت طور پر نتیجہ خیز ثابت ہوا ہے- اس کے ساتھ ساتھ چینی سفیر نے سی پیک اور دیگر امور میں سکیورٹی کے تسلی بخش انتظامات پر چینی سفیر نے وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا- اس کے جواب میں وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ سکیورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے – سی پیک پراجیکٹس کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے اہم اقدامات کئے گئے ہیں- وزارت داخلہ نے ایف سی اور فرنٹیئر کور کو تمام ضروری سہولیات اور مین پاور فراہم کی ہے اور ان اقدامات کا مقصد گواردر اور گردونواح میں سکیورٹی اور جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے- سی پیک اس پورے خطے کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت کا حامل ہے- وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ سی پیک کے زیر سایہ ہونے والے ترقیاتی کاموں اور منصوبوں کو ہر سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے- چینی سفیر نے ورکرز ویزہ اور متعلقہ امور کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون پر وزارت داخلہ کے بھر پور تعاون کا شکریہ ادا کیا- وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ویزہ کے عمل کو بہتر بنانے کے لئے موثر لائحہ عمل مرتب کیا ہے اور ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ ویزہ سے متعلق تمام امور بغیرکسی مشکل کے مکمل ہو جائیں- چینی سفیر نے وزارت داخلہ کی اس کاوش کا خیرمقدم کیا- کروناصورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ پاکستان کے عوام کروناجیسے مشکل وقت میں چین کی جانب سے کئے جانے والے تعاون پر بے حد شکر گزار ہیں- چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ویکسین کے لئے کام جاری ہے- امید کرتے ہیں کہ نئے سال کے ساتھ کچھ اچھی خبر ملے گی-ملاقات کا اختتام اس عہد کے ساتھ ہوا کہ آنے والے دنوں میں باہمی تعلقات کو مزید مستحکم اور دونوں ممالک میں باہمی ہم آہنگی کو یقینی بنایا جائے گا-
سی پیک اس پورے خطے کی معیشت کے لئے ریڑھ کی ہڈی جیسی اہمیت کا حامل ہے،وفاقی وزیر داخلہ اور چینی سفیر کے درمیان ملاقات اتفاق



