اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات کے لیے پنجاب سے اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا جبکہ خیبرپختونخوا (کیپی) سے ناموں کا اعلان مقامی تنظیم کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ میں پارٹی ٹکٹ کے لیے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
مریم اورنگ زیب نے کہا کہ جنرل نشست پر پرویز رشید، مشاہداللہ خان اور پروفیسر ساجد میر اور ٹیکنو کریٹ کی سیٹ پراعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کو پارٹی کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی نشست پر بیرسٹر سعدیہ عباسی کو پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی مقامی تنظیم صوبے سے سینٹ میں پارٹی ٹکٹ دینے کا فیصلہ کرے گی۔
قبل ازیں ڈان اخبار کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے پروفیسر ساجد میر کو کال کر کے کہا ہے کہ پارٹی نے ایک مرتبہ پھر انہیں سینیٹ انتخابات کے لیے کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے لہذا وہ الیکشن لڑنے کے لیے تیار رہیں۔
اس حوالے سے پارٹی کے ایک ترجمان نے کہا تھا کہ ‘دلچسپ بات یہ ہے کہ پروفیسر ساجد میر نے کبھی ٹکٹ کے لیے درخواست نہیں دی، ہمیشہ میاں نواز شریف انہیں کال کر کے اس کی پیش کش کرتے ہیں اور یہی انہوں نے گزشتہ روز کیا’۔
ترجمان کے مطابق نواز شریف نے علامہ ساجد میر کو سب سے قابل بھروسہ اتحادی قرار دیا جو سینیٹ کا حصہ بننے کے لیے ان کی اور ان کی جماعت کی حمایت پانے کے مستحق ہیں، جس پر ساجد میر نے جمہوریت اور اسلامی اقدار کی مضبوطی کے لیے کام جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق جمعیت اہلِ حدیث کے سربراہ پانچویں مرتبہ مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر سینیٹ کا الیکشن لڑیں گے۔
یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے پارٹی ٹکٹس کے لیے خواہشمند امیدواروں سے 15 فروری تک درخواستیں طلب کی تھیں اور ہر امیدوار کے لیے درخواست کے ساتھ 50 ہزار روپے کا بینک ڈرافٹ جمع کرانا ضروری ہے۔

