حکومت نے زبردستی ادارے بند کرانے کی کوشش کی تو ملک گیر احتجاج پر مجبور ہونگے، یہ ایسا احتجاج ہوگا کہ حکومت پی ڈی ایم کا دھرنا بھول جائے گی۔مشترکہ پریس کانفرنس

اسلام آباد:آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین نے کورونا ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ملک کے نجی تعلیمی اداروں میں امتحانی سلسلہ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت کورونا خدشات کے پیش نظر تعلیمی ادارے بند کرنے کی بجائے ایس او پیز پر عمل درآمد پر توجہ دے کر کورونا سے بچاو کی ویکسین فراہمی یقینی بنائے۔انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے مکمل حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے تعلیمی سلسلہ جاری رکھیں گے تاہم اگر حکومت نے زبردستی ادارے بند کرانے کی کوشش کی تو ملک گیر احتجاج پر مجبور ہونگے، یہ ایسا احتجاج ہوگا کہ حکومت پی ڈی ایم کا دھرنا بھول جائے گی، اساتذہ کو احتجاجی سیاست میں کودنے پر مجبور کیا گیا تو تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں منعقدہ ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایسوسی ایشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل محمد اشرف ہراج،صدرصوبہ پنجاب راجہ الیاس کیانی ،سینئر نائب صدر ملک دین محمد اعوان،نائب صدر رانا محمد سہیل،جوائنٹ سیکرٹری ذوالفقار علی صدیقی،صدر کالجز ونگ راجہ جاوید اقبال، ڈویژنل وائس پریزیڈنٹ سردار گل زبیر،صدر ضلع راولپنڈی ملک حفیظ الرحمان، ایگزیکٹیو، فنانس سیکرٹری قاسم عباس جبکہ ایگزیکٹیو باڈی کے ممبران بشمول عبدالرحیم، ملک اویس مصطفے،طارق محمد،چودھر ی ارشد او رفاقت شاہ بھی موجود تھے۔انہوں نے کہاکہ جب تک امتحانات مکمل نہیں ہوتے اس وقت تک تعلیمی ادارے کھلے رہیں گے، مراد راس کے اس بیان کو مکمل مسترد کرتے ہیں جس میں انہوں نے 19مارچ تک امتحانات مکمل کرنے کی بات کی ہے، ہم اپریل تک اپنا تعلیمی سیشن مکمل کریں گے اور امتحانی سلسلہ مکمل ایس او پیز کے تحت جاری رکھیں گے۔ انہوں کہاکہ پوری دنیا کے ماہرین صحت اور ماہرین تعلیم اس بات پر متفق ہیں کہ کورونا سے چھپ کرنہیں اب ہمیں کورونا کے ساتھ ہی زندگی گزارنی ہے ان حالات میں حکومت کو چاہیے کہ تعلیمی سلسلہ بار بار منقطع کرنے کی بجائے تعلیمی اداروں میں کورونا سے بچاوکے حفاظتی اقدامات یقینی بنانے پر توجہ دے۔انہوں نے کہاکہ بچوں کا تعلیمی سال پہلے ہی بہت زیادہ متاثر ہوچکاہے اوپر سے میٹرک اور انٹر کے بورڈامتحانات بھی سر پر ہیں ان حالات میں حکومت تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کرے اور بہتر طریقے سے ایس او پیز پرعمل کرتے ہوئے تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے دیاجائے۔ایک سوال کے جواب میں ملک ابرار حسین کا کہنا تھاکہ قوم کے معماروں کے لیے احتجاج یا دھرنے دینا مناسب نہیں ہے لیکن حکومت ہمیں مجبور کررہی ہے کہ ہم بھی دیگر سیاسی پارٹیوں کے ساتھ ملک کر سڑکوں پرنکل کھڑے ہوں۔ اگر ایسا ہوا تو حکومت پی ڈی ایم کا احتجاج بھول جائے گی لیکن اساتذہ کو احتجاج پرمجبور کرنے پر تمام تر ذمہ داری حکومت وقت پر عائد ہوگی۔ ایک اور سوال کے جواب میں ملک ابرار حسین نے کہاکہ نجی تعلیمی اداروں میں کوروناکے حوالے سے جاری کردہ حکومتی ایس او پیزپر سختی سے عمل کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ لاک ڈان میں نجی تعلیمی اداروں کو ناقابل تلافی نقصان ہوا جس ک ازالہ کے لیے حکومت نے بار بار اعلانات کیے مگران میں سے کسی بھی عمل نہیں کیا گیاہے اس لیے اب ہم حکومت کے کسی بھی کھوکھلے نعرے پر اعتبار نہیں کریں گے اور بچوں کے لیے تعلیمی سلسلہ جاری رکھیں گے۔



