ماڈل چاہے بہت خوب صورت نہ ہو لیکن اس کے چہرے کے خدوخال جسامت اور قد اچھا ہونا چاہیے

اسلام آباد:معروف ماڈل و اداکارہ نادیہ حسین کا کہنا ہے کہ طلبہ و طالبات کے فیشن شوز ضرور ہونے چاہیں کیونکہ ان میں بہت زیادہ تخلیقی کام دیکھنے کو ملتا ہے۔مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نادیہ حسین نے بتایا کہ پوز بنا لینا اور ریمپ پر چلنا، کپڑوں کی نمائش کرنا ہی ایک ماڈل کا بنیادی کام ہوتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ماڈل چاہے بہت خوب صورت نہ ہو لیکن اس کے چہرے کے خدوخال اور قد اچھا ہونا چاہیے، بعض اوقات قد اچھا ہوتا ہے لیکن جسامت اتنی اچھی نہیں ہوتی تو یہ بھی مناسب نہیں ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہمارے ہاں ماڈلنگ کے لیے اجازت کا ملنا بھی ایک بہت بڑا مرحلہ ہوتا ہے کیونکہ میں اپنی زندگی میں بہت ساری ایسی لڑکیوں سے ملی ہوں جو ماڈلنگ کرنا چاہتی تھیں لیکن انہیں اجازت نہ مل سکی۔انہوں نے مزید بتایا کہ اداکاری بہت ہی مشکل اور صبر آزما کام ہے بعض اوقات بہت ہی خوب صورت ماڈلز خود کو اچھا اداکار ثابت نہیں کر سکتے۔


