ایف سیون فور میں 28سالہ لڑکی کے قتل کا مقدم درج قاتل گرفتار


سابق سفیر کی بیٹی نور مقدم گھر والوں کو چار دن کے لئے دوستوں کے ساتھ جانے کا بتا کر آئی تھی

اسلام آباد:اسلام آباد کے علاقے ایف سیون فور میں 28سالہ لڑکی کے قتل کا مقدم درج کرلیا گیا، تھانہ کوہسار پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کرکے ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ سے تین روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے،خیال رہے کہ منگل کے روز تھانہ کوہسار کے علاقے ایف سیون فور میں 28 سالہ لڑکی نور مقدم کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا تھا،واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ایک لڑکے کو گرفتار کیا، پولیس کو قتل کی اطلاع ایک سیکیورٹی گارڈ نے دی تھی،پولیس نے لڑکی کے والد، جو مختلف ممالک میں پاکستان کے سفیر رہ چکے ہیں،کی مدعیت میں ظاہرجعفر نامی ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے جبکہ ملزم کو ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کرکے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا گیا ۔
بیان کیا جاتا ہے کہ لڑکی نے گھر والوں کو کہا تھا کہ وہ چار دن کے لئے دوستوںکے ساتھ جارہی ہے اور اس دوران اس کا موبائل بھی بند ہو سکتا ہے


ادھراسلام آباد کے آئی جی قاضی جمیل الرحمن نے نور مقدم قتل کیس کی تفتیشی ٹیم کو ملزم ظاہر ذاکر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی ہدایت کر دی۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمن نے نور مقدم قتل کیس کی تفتیشی ٹیم سے ملاقات کی ہے، جس میں ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، اے ایس پی کوہسار، ایس ایچ او کوہسار اور تفتیشی ٹیم کے دیگر ممبران بھی موجود تھے۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے مقدمے کی پیش رفت سے آئی جی اسلام آباد کو آگاہ کیا۔
آئی جی اسلام آباد نے ملزم کا بیرونِ ممالک کرمنل ریکارڈ جاننے کے لیے متعلقہ اداروں سے رابطے کی ہدایت کر دی۔آئی جی اسلام آباد نے وقوعہ سے حاصل کیئے گئے تمام شواہد کی فارنزک کرانے اور تفتیشی ٹیم کو تھراپی ورکس سے بھی ملاقات کرنے کی ہدایت کی۔آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمن نے اس موقع پر مزید ہدایت کی کہ مقدمے کو ٹھوس شواہد کی روشنی میں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ تفتیش میں انصاف کے تمام تقاضوں کو پورا کیا جائے اور ملزم کو سخت سے سخت سزا دلوائی جائے۔