فیڈرل ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی اپیل ، جسٹس سجاد علی شاہ کی ججز اور بیوروکریٹس کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل سننے سے معذرت

اسلام آباد:سپریم کورٹ کے جسٹس سجاد علی شاہ نے ججز اور بیوروکریٹس کو پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر اپیل سننے سے معذرت کر لی ۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اپیل پر سماعت کیلئے نئے بینچ کی تشکیل کا معاملہ چیف جسٹس گلزار احمد کو بھجوا تے ہوئے قرار دیا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان معاملہ پر سماعت کیلئے وہ بینچ تشکیل دیں جس میں جسٹس سجاد علی شاہ شامل نہ ہوں، کیس آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ پیر کو مذکورہ اپیل پر سماعت کے آغاز پر تین رکنی بینچ میں شامل جسٹس سجاد علی شاہ نے کیس سننے سے معذرت کر لی ۔ اس دوران جسٹس منصور علی شاہ نے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے وکیل سے استفسار کیا کہ فیڈرل ایمپلائز ہاوسنگ اتھارٹی کے قانون میں ملازمین کیساتھ مخصوص افراد کا ذکر ہے، یہ مخصوص افراد کون ہیں۔ جس پرفیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ مخصوص افراد کا تعین سپریم کورٹ 2009 کے فیصلے میں کر چکی ہے۔ عدالت عظمی نے اپیل پر سماعت کیلئے نئے بینچ کی تشکیل کا معاملہ چیف جسٹس آف پاکستان کو بھجوا تے ہوئے قرار دیا ہے کہ چیف جسٹس وہ بینچ تشکیل دیں جس میں جسٹس سجاد علی شاہ شامل نہ ہوں، کیس آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔ واضح رہے کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ اتھارٹی نے ججز اور بیورو کریٹس کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ سے متعلق اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل دائر کر رکھی ہے۔