وزیر اعظم کی زیر صدارت احساس راشن رعایت رجسٹریشن بریفنگ کا انعقاد


9 نومبر کو پورٹل کے کھلنے کے بعد سے اب تک 489.96 ملین مرتبہ احساس راشن رجسٹریشن ویب پورٹل کو وزٹ کیا جاچکا ہے: ڈاکٹر ثانیہ نشتر

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت احساس راشن رعایت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں احساس راشن کی رجسٹریشن اور اس پر عملدرآمد پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو پروگرام کے تحت خاندانوں اور کریانہ دکانداروں کے اندراج کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
وزیر اعظم کو احساس راشن رجسٹریشن کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے، ڈاکٹر ثانیہ نے کہا، "جب سے احساس راشن رجسٹریشن ویب پورٹل 9 نومبر 2021 کو کھلا ہے، اس پورٹل کو 489.96 ملین وزٹ مل چکے ہیں۔ 8171 سروس اور احساس راشن ویب پورٹل کے ذریعے اب تک 6.83 ملین سے زائد خاندانوں کو رجسٹر کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح احساس راشن کے تحت ملک بھر میں 33,178 کریانہ دکاندار رجسٹرڈ ہو چکے ہیں اور 50,562 دکانداروں کی رجسٹریشن اس وقت پورٹل پر جاری ہے۔
وزیراعظم نے اس پروگرام کے شراکت دار صوبوں، ضلعی حکومتوں اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ غریب خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے راشن رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں کریانہ سٹورز اور ممکنہ مستحقین کو آگاہی فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔
پروگرام کے ذریعے 20 ملین خاندان جن کی ماہانہ آمدنی50,000 روپے سے کم ہے، انہیں آٹا، گھی/کھانے کے تیل اور دالوں پر سبسڈی دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار؛ وزیراعلیٰ کے پی، محمود خان؛ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید؛ مشیر خزانہ شوکت ترین ،پولیٹیکل کمیونیکیشن ایس اے پی ایم، ڈاکٹر شہباز گل؛ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی، صدر NBP عارف عثمانی اور دیگر سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
کریانہ اسٹورز کی رجسٹریشن ویب پورٹل: ehsaasrahsan.pass.gov.pk کے ذریعے جاری ہے جبکہ خاندان 8171 یا ویب پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔