پینشنرز کے مسائل کا حل متوازن نظام میں ہے: جنرل(ر) جاوید اسلم طاہر

پینشنرز کے مسائل کے حل کے لیئے آواز بلند کرنے والے صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کے شکرگزار ہیں: بریگیڈیئر (ر) زرین خان


کیا حکومت چاہتی ہے کہ پینشنرز اپنے مسائل کے حل کے لیئے دھرنا دے دیں؟کرنل(ر)نسیم راجہ

راولپنڈی : ریٹائرڈ فوجیوں کی ملک گیر نمائندہ تنظیم پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی PESS کا غیر معمولی اجلاس پیس ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں مرکزی سینئر نائب صدرجنرل (ر)جاوید اسلم طاہر اور صدر آزاد جموں و کشمیر بریگیڈئر(ر)زرین خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں مرکزی عہدیداران سیکریٹری جنرل کرنل (ر)نسیم راجہ، سیکریٹری فائنانس بریگیڈیئر (ر)عبد الروف ملک، سیکریٹری لیگل کرنل (ر)سجاد اختر ملک،چیف آرگنائزر (ر)کرنل ممتاز خان،ممبر سینٹرل ورکنگ کمیٹی نائک (ر)اقبال، ڈپٹی ڈائیریکٹر مسعود چوہدری، کے علاوہ آزاد جموں و کشمیر عہدیداران جنرل سیکریٹری کرنل (ر) فاروق خان، صدر ڈسٹرکٹ میرپور کرنل (ر) سعادت حسین، صدر ڈسٹرکٹ پلندری کرنل (ر)سردار طاہر یونس، فائنانس سیکریٹری میجر (ر) اسحاق خان، چیف آرگنائزر میجر (ر) سعید چغتائی، ممبر میجر (ر) سردار خان، اور دیگر نے شرکت کی۔ بریگیڈیئر (ر)زرین خان کے چھوٹے بھائی اور دیگر مسلمین، مسلمات جو قضائے الہی سے وفات پا گئے تھے کے لیئے دعا مغفرت کی گئی۔
اجلاس کے شرکا کو پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی PESSکی ریٹائرڈ فوجیوں کی فلاح و بہبود کے لیئے اٹھائے جانے والے اہم اقدامات اور ماضی کے فیصلوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔ تمام شرکا نے پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی PESSکے متعلقہ عہدیداران کی کاوشوں کو سراہا اور مسائل کے حل کے لیئے بھرپور کردار ادا کرتے رہنے کی تلقین کی۔اس موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے مرکزی سینئر نائب صدرجنرل (ر)جاوید اسلم طاہرنے ملک بھر کے پینشنرز کے مسائل کے حل کے لیئےPESS کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں اور حکومتی کارکردگی کا احاطہ کرتے ہوئے کہاکہ پینشنرز کے مسائل کا حل متوازن نظام میں ہے۔حکومت پینشن وصولی کے نظام کو بنکوں کے حوالہ کرنا چاہتی ہے تاکہ پینشن وصولی میں مسائل حل ہو سکیں لیکن اس نظام کے رائج ہونے میں سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ پینشنرز کی ایک بڑی تعداد ایسے دور افتادہ علاقوں میں رہتی ہے جہاں ڈاکخانوں کے علاوہ کوئی دوسرا حل فی الحال موجود نہیں۔ لہذا، حکومت کو چاہیئے کہ ڈاکخانوں اور بینکوں، دونوں نظام میں توازن برقرار رکھے تاوقتیکہ وطن عزیز پاکستان اتنی ترقی کر جائے کہ ہر کونہ میں بینک کی سہولت میسر ہو جائے۔ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل کرنل (ر)نسیم راجہ نے پینشنرز کو درپیش مسائل، انکے حل کے لیئے موصول ہونے والی تجاویز، میڈیا کیمپینز، اور سوشل میڈیا پر چلنے والے ٹرینڈکا خلاصہ پیش کیا اورکہا کہ حکومت کی جانب سے پینشنرز کے مسائل ترجیہی بنیادوں پر حل نہیں کیئے جا رہے، کیا حکومت چاہتی ہے کہ پینشنرز اپنے مسائل کے حل کے لیئے دھرنا دے دیں؟ انکا مزید کہنا تھا کہ پینشنرز کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل نہ کیا جانا اورغریب پینشنرز سے رشوت وصولی کی شکایات انتہائی افسوسناک ہیں۔ حکومت وقت کو چاہیئے کہ ان شکایات کا فوری تدارک کرے۔ وطن عزیز کی حفاظت و فلاح کے لیئے اپنی زندگیاں صرف کرنے والوں کے ساتھ بے انصافی کسی صورت قابل برداشت نہیں۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں و کشمیر بریگیڈئر(ر)زرین خان نے فورم کو صحافیوں کی جانب سے بھرپور آوازاٹھائے جانے اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ٹرینڈ کی صورت میں پینشنرز کے مسائل حکام بالا تک پہنچائے جانے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ پینشنرز کے مسائل کے حل کے لیئے آواز بلند کرنے والے صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کے شکرگزار ہیں جنہوں نے پینشنرز کے مسائل کے حل اور انکے ساتھ ہونے والی زیادتیوں پر بھرپور آواز اٹھائی اور حکام بالا کو احساس دلایا کہ ایک دن انہوں نے بھی ریٹائرڈ ہو جانا ہے اور پھر اسی طرح انہیں بھی پینشن وصولی کی لمبی لائنوں اور رشوت ستانی کا سامنا کرنا پڑنا ہے۔ آج وقت ہے، اپنا بھرپور کردار ادا کر کے مسائل کو حل کیا جانا چاہیئے۔ اس موقع پر شرکا کی رائے کے مطابق مستقبل قریب میں تفصیلی حقائق نامہ بھی جاری کرنے کا عندیہ دیا گیا اور حکام بالا تک تحریری طور پر مسائل کو اجاگر کرنے کا فیصلہ بھی لیا گیا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔