
منامہ:بحرین نے پڑوسی خلیجی ممالک کے نقش قدم پر چلتے ہوئے معیشت کے فروغ اور اس میں تیزی لانے کیلئے طویل المدت ویزا سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بحرین میں 17 لاکھ غیر ملکی افراد کام کرتے ہیں اور اسے پیشہ ور افراد کا مرکز سمجھا جاتا ہے۔
تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھائو اور دیگر مسائل کو دیکھتے ہوئے خلیجی ممالک اپنی معیشت میں بہتری لانے کیلئے مختلف اقدامات کر رہے ہیں جن میں اپنی معیشت کو تیل کی آمدنی سے آزاد کرنے جیسے اہداف بھی شامل ہیں۔ اسی سلسلے میں بحرین نے ویزا پراسیس میں نرمی کرتے ہوئے ماہر، پیشہ ور اور ذہین افراد کو اپنی طرف راغب کرتے ہوئے طویل المدت ویزوں کے اجرا کا اعلان کیا ہے۔ گولڈن ریزیڈنس کے نام سے یہ ویزا ایسے افراد کو دیا جائے گا جن کی تنخواہ 5300 ڈالرز کے مساوی ہو۔ وزارت داخلہ کے مطابق، ایسے افراد جن کے پاس دو لاکھ دینار مالیت کی جائیداد ہو وہ بھی گولڈن ریزیڈنس حاصل کر سکتے ہیں۔



