اسلام آباد میں ملزمان اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے مقابلے میں سب انسپکٹر لیاقت علی شہید ہوگئے ہیں ۔اسلام آباد پولیس کے مطابق ہفتے کی صبح تھانہ بھارہ کہو کی حدود میں پولیس مقابلہ ہوا۔گاڑی میں سوارملزمان نے شہری پر فائرنگ کی اور فرارہونے کی کوشش کی۔ اس دوران گشت پر موجود سب انسپکٹر لیاقت علی اور جوانوں نے ملزمان کا تعاقب کیا۔ ملزمان نے پولیس ٹیم پربھی فائرنگ کردی۔دو طرفہ فائرنگ میں پولیس کا سب انسپکٹر لیاقت علی شہید اور ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ فائرنگ سے ایک ملزم زخمی بھی ہوا جس کو پولیس نے گرفتارکرلیا۔
تھانہ بھارہ کہو کے علاقے میں فائرنگ کا آئی جی اسلام آباد نے نوٹس لے لیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی گئی ہے۔ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔پولیس کی ٹیموں نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے سر چ آپریشن شروع کردیا ہے۔



