چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ کی نااہلی کی وجہ سے ٹیوب ویل کی کھدائی کا گند جہانگیر روڈ پر پھینک دیا گیا

ٹھیکیدار نے بغیر انتظامات کے ٹیوب ویل سے نکلنے والا گند سڑک پر چھوڑ دیا جس کی وجہ سے روزانہ درجنوں موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے

راولپنڈی(وقائع نگارخصوصی)راولپنڈی کے علاقہ سرسید چوک پر واقع جہانگیر رو پر ٹیوب ویل کی کھدائی سے نکلنے والا گندا مواد سڑک پر پھینک دیاگیا چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ نے وقار النساء یونیورسٹی میں نیا ٹیوب لگانے کیلئے کھدائی کیلئے ٹھیکہ دیا اور ٹھیکیدار نے ٹیوب ویل سے نکلنے والے گندے مواد کو ٹھکانے لگانے کی بجائے مصروف کی ترین جہانگیر روڈ پر پھینک دیا جو پندرہ روز سے اہل علاقہ کیلئے درد سر بنا ہوا ہے ۔ جس نالے میں گند پھینکا گیا وہ پہلے ہی سے بند تھا جس کے بعد سارا مواد سڑک پر آ گیا جس کی وجہ سے سڑک پر پھسلن کی وجہ سے درجنوں موٹر سائیکل سوار گر کر بری طرح زخمی ہوگئے ۔ اس حوالے سے اہل علاقہ نے بورڈ کے حکام اور ٹھیکیدار سے بات کی مگر کسی نے نوٹس تک نہ لیا پندرہ دن سے ہر طرف گندگی پھیلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے ٹریفک جام معمول بن گیا ہے ۔ راشد شفیق اور چوہدری عدنان سے اہل علاقہ نے شکایات کی مگر سب سے صرف تسلیاں دیں بورڈ حکام کے خلاف کسی قسم کا ایکشن نہ لیا ۔دوسری جانب اہل علاقہ نے سی ای او سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طورپر ٹھیکیدار کیخلاف کارروائی کی جائے جس نے بغیر کسی منصوبہ بندی کے کام شروع کیا اور لوگوں کو اذیت میں مبتلا کئے رکھا ۔