باجوہ نے سب کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگائے رکھا،عمران خان

باجوہ سے رابطہ رہتا تھا لیکن اس وقت اسٹیبلشمنٹ سے کوئی رابطہ نہیں


لاہور :سابق وزیراعظم عمران خان نے الزام عائد کیا ہے کہ جنر ل (ر) باجوہ نے سب کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا رکھا تھا ۔لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہناتھا کہ اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے، قانون کی حکمرانی میں وہی کردار ادا کرسکتی ہے، باجوہ نے شہبازشریف کو جیل میں فون کرکے مزاج پرسی کی تھی۔سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ لیکن اسٹیبلشمنٹ سے اس وقت کوئی رابطہ نہیں۔
جنرل (ر) باجوہ سے رابطہ رہتا تھا، انہوں نے سب کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کررکھاتھا۔
ان کا کہنا تھاکہ اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے، قانون کی حکمرانی میں وہی کردار ادا کرسکتی ہے، اسٹیبلشمنٹ میں اوپر بیٹھا شخص ہی سب کچھ ہوتا ہے۔
الیکشن کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھاکہ حکومت انتخابات 2023 سے آگے لے کر جانا چاہتی ہے، معاشی صورتحال میں انتخابات کو آگے لے کر جانا ممکن نہیں، معیشت کی یہی صورتحال رہی تو فروری مارچ تک ملک ڈیفالٹ کر جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے بند گلی میں دھکیلنے کا مطلب ملک کو بند گلی میں دھکیلنا ہے۔
سابق آرمی چیف سے متعلق سابق وزیراعظم نے کہاکہ جنرل (ر) باجوہ نے شہبازشریف کو جیل میں فون کرکے مزاج پرسی کی تھی تو میں نے ان سے پوچھا تھا یہ آپ کیا کررہے ہیں؟ اگر شہبازشریف کی مزاج پرسی کرنی ہے تو جیلوں میں قید باقی لوگوں کا کیا قصور ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے خوف کے باعث نوازشریف اور زرداری انتخابات سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔