سی پیک میں 25.4 ارب ڈالرکی براہ راست سرمایہ کاری کی ،معاشی استحکام کیلئے پاکستان سے ہرممکن تعاون جاری رکھیں گے، چینی سفیر

گوادرکا زیر تعمیر ائیرپورٹ چین کا اب تک کا سب سے بڑا غیر ملکی امدادی منصوبہ ، اسلام آباد اور نئی دہلی کے ساتھ علاقائی امن و استحکام اور ترقی کے لیے کام کرنے کے خواہش مند ہیں


اسلام آباد: چین نے معاشی استحکام کے لیے پاکستان سے ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغرب چین پر الزام تراشی کے بجائے پاکستان کی ٹھوس مدد کرے۔
پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے جنگ اور دی نیوز اخبار کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ معاشی استحکام کے لیے پاکستان سے ہر ممکن تعاون کریں گے، مغربی مالیاتی ادارے الزام تراشی نہیں ٹھوس مدد کریں، پاکستان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے توانائی منصوبوں سے ترقی کی صلاحیت کو مضبوط کیا ہے۔
چینی سفیر نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ گوادرکا زیر تعمیر ائیرپورٹ چین کا اب تک کا سب سے بڑا غیر ملکی امدادی منصوبہ ہے، پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 160ملین ڈالر امداد دی ہے، چین اسلام آباد اور نئی دہلی کے ساتھ علاقائی امن و استحکام اور ترقی کے لیے کام کرنے کا خواہش مند ہے۔
چینی سفیر نے بتایا کہ گزشتہ سال چین نے پاکستان کو 15 بلین یوآن تجارتی قرض اور دو بلین امریکی ڈالر فراہم کیے ہیں، دونوں ممالک اسٹریٹجک پارٹنر ہیں جو تمام اچھے برے حالات میں ساتھ کھڑے ہیں، چین نے سی پیک میں 25.4 ارب ڈالرکی براہ راست سرمایہ کاری کی اور 2.12 ارب ڈالر ٹیکس اداکیا، پاکستانی عوام کے لیے ایک لاکھ 92 ہزار ملازمتیں پیدا کیں، پاکستان میں کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے کاروبار سمیت دیگر تمام منصوبے شفاف ہیں، چین نے ہمیشہ پاکستان کی معیشت کو ترقی دینے اور مالیاتی استحکام کو برقرار رکھنے میں مددکی ہے۔
نونگ رونگ کا کہنا تھا کہ امریکا نے چین کو گھیرے میں لینے اور قابو پانے کے لیے علاقائی ممالک میں انڈو پیسیفک حکمت عملی بنائی ہے، امریکا، بھارت اور آسٹریلیا کو چین اور روس کے خلاف استعمال کرنے کے لیے ان کی مدد کر رہا ہے، چین کو گھیرنے کے لیے امریکی انڈوپیسیفک حکمت عملی ناکام بنائیں گے، چین کے خلاف گروہ بندی کرنے کے امریکی اقدام کو حمایت نہیں ملیگی اور اسے ناکامی ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے پاکستان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا، مغربی مالیاتی ادارے بھی الزام تراشی نہیں ٹھوس مدد کریں۔چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 160 ملین ڈالر امداد دی۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) توانائی منصوبوں سے ترقی کی صلاحیت کو مضبوط کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور نئی دہلی کے ساتھ علاقائی امن و استحکام اور ترقی کے لیے کام کرنے کے خواہش مند ہیں۔