اس رمضا ن میں سب سے طویل روزہ گرین لینڈ آئس لینڈ میں 18 اور سب سے مختصر نیوزی لینڈ میں 12 گھنٹے کا ہوگا
گرین لینڈ اور الاسکا جہاں سورج کبھی غروب نہیں ہوتا، علما سعودی عرب میں مکہ کے اوقات کی پیروی کرنے کی سفارش کرتے ہیں

اسلام آباد:اس وقت دنیا دنیا بھر میں 1.9 بلین سے زائد مسلمان رمضان المبارک کی برکتوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔ اس سال جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے مختلف ممالک میں روزے کے اوقات 12 سے لیکر اٹھارہ گھنٹے کے درمیان ہیں ۔
آئے دیکھتے ہیں کہ کس ملک میں روزہ کتنا طویل اور کہاں مختصر ترین ہے۔ روزے کے اوقات میں فرق بنیادی طور پر زمین کے جھکائو اور سورج کی پوزیشن کی وجہ سے دن اور رات کی لمبائی میں فرق پڑنے کی وجہ سے ہوتا ہے۔
خط استوا کے قریب واقع ممالک میں روزے کے اوقات کم ہوتے ہیں، جیسے جیسے اس سے دور جائیں، خاص طور پر شمالی اور جنوبی عرض البلد میں، روزے کا دورانیہ طویل ہوجاتا ہے۔ آپ یہ جان کر حیران ہوں گے کہ سال کے کسی وقت پر یہاں روزے کی مدت 20 گھنٹے سے زیادہ بھی ہو سکتی ہے۔کچھ علاقوں بشمول گرین لینڈ اور الاسکا میں، جہاں سورج کبھی غروب نہیں ہوتا، علما سعودی عرب میں مکہ کے اوقات کی پیروی کرنے کی سفارش کرتے ہیں۔
دنیا بھر میں روزے کے اوسط اوقات عام طور پر 14 سے 15 گھنٹے کے درمیان ہوتے ہیں۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر میں مسلمان پورے مقدس مہینے میں روزانہ 14 گھنٹے تک روزہ رکھیں گے۔
رمضان، اسلامی کیلنڈر کا نواں مہینہ ہے جو 23 مارچ کو شروع ہوچکا ہے، اور اس میں کھانے پینے سے پرہیز، اور ایسی عبادات کا اہتمام شامل ہے جو ایمان، صبر اور برادری کے احساس کو بہتر بناتے ہیں۔
ذیل کی فہرست سے آپ جان سکتے کہ اس سال مسلمان کس ملک میں سب سے طویل اور کس ملک میں کم سے کم دورانیے کا روزہ رکھیں گے۔
طویل ترین روزہ کس ملک میں ہوگا؟
- نوک، گرین لینڈ: 18 گھنٹے
- ریکجاوک، آئس لینڈ: 18 گھنٹے
- ہیلسنکی، فن لینڈ: 17 گھنٹے
- گلاسگو، سکاٹ لینڈ: 17 گھنٹے
- اوٹاوا، کینیڈا: 17 گھنٹے
- لندن، برطانیہ: 16-17 گھنٹے
- پیرس، فرانس: 16-17 گھنٹے
- زیورخ، سوئٹزرلینڈ: 15 گھنٹے
- روم، اٹلی: 15 گھنٹے
- میڈرڈ، سپین: 15 گھنٹے
مختصر دورانیے کے روزے والے ممالک - کرائسٹ چرچ، نیوزی لینڈ: 12 گھنٹے
- پورٹو مونٹ، چلی: 12 گھنٹے
- بیونس آئرس، ارجنٹائن: 12 گھنٹے
- جکارتہ، انڈونیشیا: 13 گھنٹے
- نیروبی، کینیا: 13 گھنٹے
- کراچی، پاکستان: 13-14 گھنٹے
- نئی دہلی، بھارت: 13-14 گھنٹے
خلیج اور مشرق وسطی
خلیج اور وسیع مشرق وسطی کے ممالک میں روزے کے اوسط اوقات 13 سے 15 گھنٹے کے درمیان ہوتے ہیں۔ ان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، عمان، قطر، عراق، یمن، ایران، لبنان، مصر، مراکش، تیونس، لیبیا اور فلسطین شامل ہیں۔




