نئے آنے والے ہر اداکار کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کی پہلی ہی فلم بلاک بسٹر ثابت ہو
سلمان خان یہ دعائیں مانگا کرتے تھے کہ ان کی پہلی فلم فلاپ ہو جائے کیونکہ وہ اس فلم میں اپنی اداکاری سے مطمئن نہ تھے

اسلام آباد:فلمی دنیا میں آنے والے ہر اداکار اور اداکارہ کی شدید خواہش ہوتی ہے کہ وہ آتے ہی چھا جائے اور اس کی پہلی فلم بھی بلاک بسٹر ثابت ہو اور وہ کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ دے ۔
لیکن معروف بھارتی اداکار سلمان خان عرف صلو بھائی کا معاملہ اس حوالے سے ذرا مختلف ہے۔
بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان عرف صلو بھائی کو اس مقام تک پہنچنے میں کافی مشکلات اور کھٹن مراحل سے گزرنا پڑا تب جاکر انہوں نے اپنی اداکاری کے دم پر انڈسٹری میں اپنا لوہا منوایا، اب سلمان خان کے مداح ان کی ہر نئی فلم کی ریلیز کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں لیکن ان کے چاہنے والوں کو شاید یہ معلوم نہیں کہ ان کے چہیتے سپر اسٹار نے اپنی پہلی فلم کے فلاپ ہونے کی دعائیں مانگی تھیں، لیکن اہم سوال یہ ہے کہ آخر سلمان خان اپنی پہلی فلم کو فلاپ ہوتے کیوں دیکھنا چاہتے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ سلمان خان اپنے کیریئر کی پہلی فلم ‘بیوی ہو تو ایسی’ کو باکس آفس پر فلاپ دیکھنا چاہتے تھے، ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سلمان خان مسلسل دعا کر رہے تھے کہ ان پہلی فلم نہ چلے اور فلاپ ہوجائے۔
رپورٹس کے مطابق سلمان سے جب اس کی وجہ پوچھی گئی تھی تو ان کا کہنا تھا کہ وہ فلم میں اپنی اداکاری سے بالکل بھی مطمئن نہیں تھے، وہ اسے بیکار سمجھ رہے تھے اور اسی لئے ان کی خواہش تھی کہ ان کی فلم نہ چلے، لیکن ایسا نہ ہوسکا اور فلم ریلیز ہوتے ہی باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی۔
اسی فلم کی کامیابی کے بعد اگلے ہی سال یعنی 1989 میں سلمان خان کو فلم ‘میں نے پیار کیا’ میں کاسٹ کیا گیا اور یہ فلم بلاک بسٹر ثابت ہوئی تھی، اس وقت سلمان خان کا شمار بالی وڈ کے سب سے مہنگے ترین اداکاروں میں ہوتا ہے، انہوں نے ایک انٹرویو میں یہ انکشاف بھی کیا تھا کہ ان کی پہلی تنخواہ ایک سو روپے سے بھی کم تھی۔
سلمان خان نے بتایا تھا کہ ان کی پہلی تنخواہ صرف 75 روپے تھی، جبکہ بطور ہیرو انہیں پہلی بار فلم میں نے پیار کیا کے لیے 31 ہزار روپے معاوضہ دیا گیا تھا۔
سلمان خان نے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز سال 1988 میں فلم ‘بیوی ہو تو ایسی’ سے کیا تھا، جس میں ریکھا اور فاروق شیخ نے مرکزی کردار جبکہ سلمان خان نے معاون کردار ادا کیا تھا، بطور ہیرو سلمان خان کی ڈیبیو فلم ‘میں نے پیار کیا’ تھی اور اس فلم نے ہی انہیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا تھا۔
سلمان خان ابتداء میں ناکامی کے خواہش مند کیوں تھے؟




