گیری کرسٹن نے ٹیم کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا،بابر اعظم کی بھی شائقین سے معذرت

کونسا شاٹ کب کھیلنا ہے کسی کو علم نہیں، کوآرڈینیشن کا بھی فقدان ہے ،کئی ٹیموں کے ساتھ کام کر چکا ایسی صورتحال نہیں دیکھی

نیویارک:قومی کرکٹ ٹیم کے نئے کوچ گیری کرسٹن نے ٹیم کا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیا ہے ، ساتھ ہی ساتھ پاکستانی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بھی ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شائقین کرکٹ سے معذرت کی ہے۔ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن کا کہنا تھا کہ کونسا شاٹ کب کھیلنا ہے کسی کو علم نہیں، ٹیم میں اتحاد بھی نہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کوئی کھلاڑی کسی کو سپورٹ نہیں کرتا، دائیں بائیں سب الگ الگ ہیں،کئی ٹیموں کے ساتھ کام کر چکا ہوں ایسی صورتحال نہیں دیکھی۔
قومی ٹیم ورلڈکپ کے سپر 8 رانڈ تک رسائی میں ناکام رہی تھی، پاکستان کو پہلے رائونڈ کے 2 میچز میں پہلے امریکا سے اپ سیٹ شکست ہوئی جب کہ ٹیم بھارت سے جیتا ہوا میچ بھی ہار گئی جس کے بعد اب کینیڈا اور آئرلینڈ سے بے سود فتح کے باوجود قومی ٹیم اپنا واپسی کاسفرباندھ چکی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن آئرلینڈ سے بمشکل فتح کے بعدکھلاڑیوں کے فٹنس لیول اسکلز اور کھیل سے آگاہی نہ ہونے سے مایوس نظر آئے اور کھلاڑیوں سے کھلے انداز میں گفتگو کرتے انہیں کھری کھری سنادی۔گیری کرسٹن نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا فٹنس لیول معیاری نہیں، اسے بڑھانا پڑے گا، ٹیم کے کھلاڑیوں کا فٹنس لیول اپ ٹو دی مارک ہے ہی نہیں، ہم اسکلز لیول میں دنیا سے بہت پیچھے ہیں ، اتنی کرکٹ کھیلنے کے باوجود کھیل سے آگاہی نہیں،کون سا شاٹ کب کھیلنا ہے کسی کو علم نہیں۔ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن سینئر کھلاڑیوں کے اختلافات اور ٹیم کے معاملات میں عدم دلچسپی سے بھی ناخوش نظر آئے۔دوران گفتگو گیری کرسٹن نے ٹیم کے اتحاد پر بھی سوال اٹھا دیا اور کہا کہ جب سے آیا ہوں یہی نوٹ کیا ہے کہ اس ٹیم میں اتحاد نہیں ہے،کہنے کے لیے یہ ٹیم ہے لیکن یہ ٹیم ٹیم نہیں ہے،کوئی کھلاڑی کسی کو سپورٹ نہیں کرتا، دائیں بائیں سب الگ الگ ہیں،کئی ٹیموں کے ساتھ کام کر چکا ہوں ایسی صورتحال نہیں دیکھی۔
ہیڈ کوچ نے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے متحد نہ ہونے اور ایک دوسرے کو سپورٹ نہ کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دنیا کا مقابلہ کرنا ہے تو فٹنس اور اسکلز کو بہتر بنانا ہے اور متحد ہونا ہے، جو کھلاڑی ان چیزوں کو بہتر کرے گا وہی ٹیم میں ہوگا، ورنہ کوئی ٹیم میں نہیں ہو گا۔
دوسری طرف کپتان بابر اعظم نے ٹیم کی ناقص کارکردگی پر شائقین سے معذرت کی ہے ۔ بابر اعظم نے ایک انٹرویو میں تسلیم کیا کہ ورلڈ کپ میں توقعات پر پورا نہیں اترے، میں ٹیم کا لیڈر تھا، ٹیم کی ناکام اور خراب پرفارمنس کو تسلیم کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ بورڈ کے چیئرمین سے جا کر ملاقات کروں گا،چیئرمین کولگتاہے کہ ٹیم میں سرجری کی ضرورت ہے تو ان سے بات کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ اگلے مرحلے میں نہ جانے کا بیحد افسوس ہے شکست کا ذمہ دار کسی ایک کھلاڑی کو قرار نہیں دیا جا سکتا، ہم بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلے۔ناقص کارکردگی پر قوم سے معذرت کرتا ہوں۔