بانی پی ٹی آئی 5 اگست 2023 ء کو گرفتار ہوئے ،ایک سال مکمل ہونے پارٹی جلسے اور مظاہرے کرے گی
آئی پی پیز کے معاملے پر جماعت اسلامی کو سپورٹ کرتے ہین، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کی جائے پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کا ایک سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں جلسے اور مظاہرے کرے گی۔ان خیالا ت اظہار تحریک انصاف کے رہنمائوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ یہ لوگ ملک کو جس راستے پر لے جارہے ہیں اس سے صرف تباہی ہوگی، کچھ نہیں پتا ہوتا ہمارے لوگوں کو کہاں غائب کیا جاتا ہے، اچھا سلوک نہیں کیا جارہا، پارلیمنٹ کی کیا اہمیت رہ گئی ہے، شیخ وقاص اکرم کی والدہ پر بھی مقدمہ درج کردیا گیا ہے، خدارا پاکستان کو تباہی سے بچائیں، ملک میں نئے انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں، حکومت جو کررہی ہے وہ غیرآئینی اور غیرقانونی ہے، حکومت کو واضح پیغام ہے کہ ہوش کے ناخن لیں، ان لوگوں کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ہے، کل ہم پارٹی اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
اس موقع پر سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ ایم این ایز پر دبا ڈالنے اور حکومت کے کریک ڈائون کی مذمت کرتے ہیں، پارلیمنٹ کی کوئی حیثیت نہیں رہی، ہماری پوری خواہش ہے کہ ملک میں عدم استحکام نہ ہو، سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے کے بعد ہمارے 45 ایم این ایز کو خصوصی طور پر ٹارگٹ کیا جارہا ہے کہ وہ اپنی وفاداری تبدیل کریں، اس حوالے سے انہیں وزارتوں اور پیسوں کی آفرز مل رہی ہیں، اگر وہ قبول نہ کریں تو اینٹلی ایجنس اور اینٹی کرپشن کی جانب سے دبائو کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، لہذا سپریم کورٹ اس پر سوموٹو ایکشن لے کیوں کہ یہ ان کے فیصلے کی توہین ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر ایسا نہیں ہوتا تو میں اپنے سیکریٹری جنرل سے کہتا ہوں کہ اپنی قانونی ٹیم سے کہیں کہ وہ اس معاملے کو سپریم کورٹ کے سامنے پیش کرے، میں یہ پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیا یہ ملک اس طرح چلے گا؟
انہوں نے کہا 5 اگست کو ہم دو ایشوز پر بڑے بڑے جلسے اور مظاہرے کریں گے، 5 اگست کو عمران خان کو غیرقانونی طور پر گرفتار کیا گیا، دوسرا معاملہ مہنگائی کا ہے، پورے پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ اس میں بھرپور شرکت کریں، آئی پی پیز کے معاملے پر جماعت اسلامی کو سپورٹ کرتے ہین، آئی پی پیز کے ساتھ معاہدوں پر نظرثانی کی جائے کیوں کہ اب یہ بل بھرنا عوام کے پاس کی بات نہیں رہی۔
قیدی نمبر 804 کا جیل میں ایک سال مکمل




