پی ٹی آئی قیادت نہیں چاہتی عمران باہر آئیں، علی امین خود بانی کی جگہ لینا چاہتے ہیں: وزیر دفاع


جلسے کے بعد پی ٹی آئی بیک فٹ پر تھی ،اسمبلی میں جو کچھ ہوا،اس سے بچاجاتا تو سیاسی طور پر زیادہ فائدہ ہوتا
ہمارے لیے خطر ات کم ہورہے ہیں اور اس میں پی ٹی آئی بھرپور مدد کررہی ہے،جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے الزام عائد کیا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور پر پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی جگہ لینا چاہتے ہیں اس لئے وہ نہیں چاہتے کہ عمران خان جیل سے باہر آئیں یہ سب ایک دوسرے کو استعمال کر رہے ہیں۔ جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی کی قیادت خاص طور خیبرپختونخوا کے رہنما نہیں چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی باہر آئیں، علی امین گنڈاپور خود عمران خان کی جگہ لینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سمجھتے ہیں گنڈاپور کے اسٹیبلشمنٹ سے رابطے ان کے کام آئیں گے، یہ سب ایک دوسرے کو استعمال کررہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات میں گنڈاپور کے بیان پر کھڑے رہنے کا گواہ کوئی نہیں یہ صرف ان کا اپنا بیان ہے۔وزیر دفاع کا کہنا تھاکہ علی امین گنڈاپور چاردیواری میں الگ زبان استعمال کرتے ہیں اور اسٹیج پر آکر مولاجٹ بن جاتے ہیں، شہباز شریف سے ملاقات میں وہ شوگر مل بنے ہوئے تھے، بانی پی ٹی آئی کبھی حکمت عملی کے تحت گھی شکر ہوجاتے ہیں تو کبھی منہ سے آگ برساتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اسمبلی میں جو کچھ ہوا،اس سے بچاجاتا تو سیاسی طور پر زیادہ فائدہ ہوتا، جلسے کے بعد پی ٹی آئی بیک فٹ پر تھی، 22 اگست کا جلسہ منسوخ کرنے سے متعلق کچھ کنفرم نہیں کہ اسٹیبلشمنٹ نے بانی پی ٹی آئی کوکوئی پیغام بھیجا یا انہوں نے خود رابطہ کیا۔
ان کا کہنا تھاکہ ہمارے لیے خطر ات کم ہورہے ہیں اور اس میں پی ٹی آئی بھرپور مدد کررہی ہے۔