ہائبرڈ ماڈل قبول نہیںبھارتی ٹیم کی جگہ رینکنگ میں نویں نمبر کی ٹیم کو مدعو کر نے کا امکان جو سری لنکا ہوگی یا ویسٹ انڈیز ہو سکتی ہے
بھارت پاکستان نہ آیا تو آئندہ بھارت کے ساتھ کوئی میچ نہ کھیلنے کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے،بھارت کے خلاف عالمی عدالت انصاف بھی جاسکتا ہے، بھارتی میڈیاکا خدشہ

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)نے چیمپئنزٹرافی کیلئے بھارت کے آنے سے انکار پر حکومتی ہدایت پر آئی سی سی کو خط لکھ دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ذرائع کاکہنا ہے کہ پی سی بی نے پاکستانی حکومت کے سخت موقف سے آگاہ کردیاہے ۔خط میں بھارت کے پاکستان نہ آنے کی ٹھوس وجوہات بھی دریافت کی گئی ہیں۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ دیگر ٹیمیں پاکستان آ سکتی ہیں تو بھارت کو کیا مسئلہ ہے،چیمپئنزٹرافی ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہوگا، ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں،خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کے بغیر بھی پاکستان چیمپئنزٹرافی کرا سکتا ہے،بھارت کی جگہ کسی اور ٹیم کوبھی بلوایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ بھارتی ٹیم کے آنے سے انکار پر پاکستان نے بھی سخت موقف اپنانے کا فیصلہ کیا ہے اور بھارت کی جگہ رینکنگ میں موجود نویں نمبر کی ٹیم کو مدعو کر نے کا فیصلہ کیا ہے جو سری لنکا ہوگی یا ویسٹ انڈیز ہو سکتی ہے۔
وفاقی حکومت نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرتے ہوئے آئی سی سی کے قوانین کو سامنے رکھتے ہوئے بھارت کے نہ آنے کی صورت میں فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے پی سی بی کو ہدایت کی کہ انٹر نیشنل کرکٹ کونسل کو خط لکھتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی میں شریک ہونے سے انکار کی ٹھوس وجوہات پوچھی جائیں ۔
آئی سی سی قانون کے مطابق چیمپئنز ٹرافی کا پہلا ایڈیشن 1998 میں ہوا تھا، اسے منی ورلڈکپ بھی کہا جاتا ہے، ایونٹ میں آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں سرفہرست 8 ٹیمیں شرکت کرتی ہیں، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا جاتا ہے۔قانون کے مطابق اگر کوئی بھی ٹیم کسی بھی وجہ سے شیڈول آئی سی سی ایونٹ کھیلنے سے انکار کردیتی ہے تو آئی سی سی کسی بھی ملک کو میزبان ملک کا دورہ کرنے کے لیے مجبور نہیں کر سکتا ہے۔
تاہم، قانون انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو یہ اختیار دیتا ہے کہ وہ ٹاپ 8 میں سے کسی بھی ٹیم کے انکار کی صورت میں رینکنگ میں موجود نویں نمبر کی ٹیم کو مدعو کرے جو قانون کے مطابق خود بخود ایونٹ کھیلنے کی اہل ہوجاتی ہے۔آئی سی سی ون ڈے رینکنگ 2023 میں نویں نمبر پر سری لنکا کی ٹیم موجود تھی، یعنی بھارت اگر انکار کردیتا ہے تو سری لنکا کو طلب کیا جاسکتا ہے لیکن یہ فیصلہ آئی سی سی کے لیے اتنا بھی آسان نہیں ہوگا۔ حکومت نے بورڈ کو پیغام دیا کہ پی سی بی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے حکام کو اعتماد میں لیکر دیگر بورڈز سے بھی رابطہ کرے اور بھارت کے انکار کی صورت میں سری لنکا یا ویسٹ انڈیز کو بلانے کیلئے کام کیا جائے۔
حکومتی ذرائع نے کرکٹ بورڈ کو واضح کیا کہ پاک بھارت ٹاکرا پاکستان کے بغیر ممکن نہیں ہے، منافع صرف بھارت کی وجہ سے نہیں بلکہ پاکستان کی موجودگی سے ہے۔حکومت نے بورڈ کو تلقین کی ہے کہ بھارت اگر پاکستان نہیں آیا تو آئندہ کسی آئی سی سی اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) ایونٹ میں بھارت کے خلاف نہیں کھیلے گا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے پی سی بی کو تجویز دی ہے کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان میں کھیلنے کے لیے تیار نہیں تو کسی اور ٹیم کو مدعو کرنے پر غور کیا جائے۔
بھارتی میڈیا نے دعوی کیا ہے کہ چیمپینز ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچوں کے لیے بھارتی ٹیم کے نہ آنے پر پاکستان بھارت کو عالمی عدالت میں گھسیٹ سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے چینل این ڈی ٹی وی (نیو دہلی ٹیلی وژن) نے ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے یا نہ جانے کے بارے میں دونوں ممالک میں بہت وسیع پیمانے پر قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں۔ دونوں ممالک کے میڈیا نے اس حوالے سے بہت کچھ شائع اور نشر کیا ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ممالک کے درمیان ایک عشرے سے بھی زائد مدت سے کوئی بھی دوطرفہ کرکٹ سیریز نہیں ہوئی ہے۔یاد رہے کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 2023 کے ورلڈ کپ مقابلوں میں حصہ لینے کے لیے بھارت کا دورہ کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس میں آیا ہے کہ بھارت کے کرکٹ بورڈ نے پاکستانی کرکٹ بورڈ کو ہائبرڈ تھیوری تجویز کی ہے یعنی بھارت کے میچ یو اے ای یا سری لنکا میں کھیلے جاسکتے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے اس حوالے سے کسی بھی نوعیت کے رابطے کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔محسن نقوی کہتے ہیں کہ پاکستان نے کوئی بھی میچ ملک سے باہر رکھنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے اور اس حوالے سے مشاورت بھی نہیں ہوئی ہے۔
بھارت کی سرکاری نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے رپورٹ دی ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بتادیا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپینز ٹرافی کے میچ کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی۔اب آئی سی سی میزبان ملک کو اس فیصلے سے مطلع کرے گی اور شیڈول طے کیا جائے گا۔ روایت یہ رہی ہے کہ کسی بھی ایونٹ کے انعقاد سے 100 دن قبل شیڈول کا اعلان کیا جاتا ہے۔
محسن نقوی کہتے ہیں کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان نہ آنے کے بارے میں باضابطہ طور پر مطلع کرتی ہے تو لائحہ عمل طے کرنے کے لیے حکومت سے ہدایات لی جائیں گی۔



