
افغانستان کے3 صوبوں قندوز ،زابل اور غزنی میں طالبان کے حملوں میں 28 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان طالبان نے ملک کے تین مختلف حصوں میں سیکیورٹی فورسز کی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
خبر کے مطابق شمالی صوبے قندوز کے ضلع خان آباد میں کئے جانے والے حملے میں 13 پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیااور چیک پوسٹ پر قبضہ کرلیا تھا،جس کے بعد مزید نفری نے طالبان سے چیک پوسٹ کا قبضہ واپس لے لیا ۔
ضلعی سربراہ حیات اللہ امیری نے سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملے اور اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی،تازہ دم نفری نے طالبان سے چیک پوسٹ خالی کرالی ہے ۔
طالبان نے دوسرا حملہ جنوبی صوبے زابل کے ضلع ارغان آباد میں کیا ،گورنر بسم اللہ افغانمال نے افسوسناک واقعے کی تصدیق کی اور کہا کہ 6 پولیس اہلکار ہلاک اور 8 زخمی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ طالبان اور پولیس کے درمیان کئی گھنٹوں تک جھڑپ جاری رہی ،اس دوران متعدد طالبان حملہ آور ہلاک اور زخمی بھی ہوئے۔
صوبے غزنی میں طالبان کے حملے میں9 اہلکار مارے گئے ،طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
میڈیا رپورٹس میں طالبان کے تازہ حملوں کو افغان فورسز اور امریکی اسٹریٹیجی پر حملہ قرار دیا جارہا ہے، حالیہ چند ماہ کے دوران افغانستان میں طالبان کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے، رات کے وقت کیے جانے والے حملوں کی تعداد بھی بڑھی ہے اور ہر ہفتے ایسے واقعات ہوتے رہتے ہیں




