شہباز شریف نے جاتی امرا کو وزیراعلیٰ کیمپ آفس بنانے کے نوٹیفیکیشن پر عملدر آمد روک دیا

وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جاتی امرا کو وزیراعلیٰ کیمپ آفس بنانے کے نوٹیفیکیشن پر عملدر آمد روک دیا، اس سے پہلے شہبازشریف نے جاتی امرا کو وزیراعلیٰ پنجاب کے کیمپ آفس کا درجہ دینے کی سمری کی منظوری دی تھی ۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ پورے جاتی امرا کے بجائے کچھ حصے کو سی ایم کیمپ آفس قرار دیا جائے، اس بات کا فیصلہ ہونے تک نوٹی فکیشن پرعملدرآمد روک دیا گیا ہے۔

واضح رہےکہ اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب کا کیمپ آفس لاہور میں 180 ایچ ماڈل ٹاؤن تھا لیکن این اے120 کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف نے الزام لگایا تھا کہ مسلم لیگ ن کیمپ آفس سے الیکشن مہم چلا رہی ہے جس کے بعد پنجاب حکومت نے ماڈل ٹاؤن کے کیمپ آفس کو ختم کردیا تھا۔