
کراچی کے علاقے لیاری میں فائرنگ کے نتیجے میں 2افراد جاں بحق اور 5زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کراچی میں لیاری کےعلاقے بغدادی میں واقع علی ہوٹل کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق اور خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔
ایس پی سٹی عدیل چانڈیو کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ واقعہ 2گروپوں میں تصادم کانتیجہ لگتا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد میں سے ایک شخص کا نام رئیس خان معلوم ہوا ہے جبکہ دوسرے کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ زخمیوں میں بوبی اللہ داد، روزینہ اعجاز، خان محمد، زاہدشوکت اور صالح محمد شامل ہیں۔
جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز ون میں نیشنل میڈیکل سینٹر کے قریب گھر میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران ملزمان نے فائرنگ کی ہے ۔




