بنگلہ دیش کے تمام ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے کسی متبادل ملک یا مقام پر منتقل کیے جائیں، بی سی بی
ہمارے میچز سری لنکا میں کرائے جائیں، بی سی بی، انتظامت ہو چکے اب یہ ممکن نہیں ہے،بھارت
ڈھاکہْ اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)ٹی 20 کرکٹ ورلڈ کپ سے قبل مودی سرکار اور اس کی ہندواتا پالیسی کو ایک اور بڑا دھچکا اس وقت لگا جب بنگلہ دیش نے بھی بھار ت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کر دیا۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے باضابطہ طور پر تصدیق کر دی ہے کہ بنگلہ دیش کی قومی ٹیم بھارت جا کر ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرے گی۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے اس فیصلے سے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ بی سی بی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت میں بنگلہ دیشی کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور بورڈ حکام کی سیکیورٹی کو سنگین خدشات لاحق ہیں، جس کے باعث ٹیم کو وہاں بھیجنا ممکن نہیں۔بی سی بی کے مطابق بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میچز کے حوالے سے مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ بنگلہ دیشی ٹیم اور آفیشلز کے لیے حالات غیر محفوظ ہو سکتے ہیں۔
اسی تناظر میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی سے تحریری درخواست بھی کی ہے کہ بنگلہ دیش کے تمام ورلڈ کپ میچز بھارت کے بجائے کسی متبادل ملک یا مقام پر منتقل کیے جائیں۔بی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بنگلہ دیشی کھلاڑیوں، ٹیم مینجمنٹ، بورڈ ممبران اور دیگر متعلقہ افراد کی جان، سلامتی اور فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہے۔
بنگلادیشی بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بی سی بی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی ہنگامی میٹنگ ہوئی جس میں بھارت اور سری لنکا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ڈویلپمنٹ سے متعلق سے جائزہ لیا گیا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اجلاس میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور بورڈ آف گورنرز نے فیصلہ کیا کہ بنگلادیش کی قومی ٹیم بھارت نہیں جائیگی۔بورڈ کے مطابق اس فیصلے سے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا گیا اور بنگلا دیش بورڈ منتظرہے آئی سی سی صورتحال کو سمجھتے ہوئے جلد اس معاملے پر جواب دے گا۔
ادھر بنگلادیش کے مشیر برائے کھیل نے اعلان کیا کہ بنگلادیش ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے بھارت کا دورہ نہیں کرے گا، بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے آج اس فیصلے کا اعلان کیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ ہم اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں جوبھارتی کرکٹ بورڈ کی جارحانہ اورفرقہ وارانہ پالیسیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
یا د رہے کہ قبل ازیں بھارتی انتہا پسندوں کے دبا ئومیں آکر آئی پی ایل سے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو ریلیز کیا گیا جس کے بعد بھارت اور بنگلادیشی بورڈ میں کشیدگی بڑھی۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بنگلا دیش کے تمام میچز بھارت میں شیڈولڈ ہیں، بنگلادیش نے تین میچز کلکتہ اورایک میچ ممبئی میں کھیلنا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے بھارت سے کہا ہے کہ اس کے میچز سری لنکا میںکرائے جائیں تاہم بھارت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اتنے کم وقت میں شیڈول تبدیل نہیں کیا جاسکتا،ہوٹلز کی بکنگ تک ہو چکی ہے۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے امید ظاہر کی ہے کہ آئی سی سی صورتحال کی سنگینی کو سمجھے گی اور اس حساس معاملے پر فوری اور مناسب فیصلہ کرے گی، تاکہ ورلڈ کپ کے انعقاد پر منفی اثرات سے بچا جا سکے۔



