اسلام آباد :او آئی سی کامسٹیک کے ایکسپرٹ سروس پروگرام کے تحت ترکیہ کی یدی تپے یونیورسٹی کے شعبہ جینیٹکس و بایو انجینئرنگ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر فکریتین شاہین نے پنجاب یونیورسٹی کے سینٹر آف ایکسی لینس برائے مالیکیولر بائیولوجی کا دورہ کیا۔
کامسٹیک کے اس پروگرام کے تحت دورے کا مقصد او آئی سی رکن ممالک کے درمیان سائنسی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینا اور اداروں کی تکنیکی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔
دورے کے دوران پروفیسر ڈاکٹر فکریتین شاہین نے ڈائریکٹر سی کیمب پروفیسر ڈاکٹر معاز رحمان کے ساتھ ملاقات کی، جس میں طویل المدتی بین الاقوامی تعاون، مشترکہ تحقیق اور بایوٹیکنالوجی کی اختراعات کو تجارتی بنیادوں پر فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترک ماہر نے کیمب کی مختلف جدید لیبارٹریز کا بھی دورہ کیا جن میں اسٹیم سیل، بایوفارماسیوٹیکل، وائرولوجی اور جینیاتی امراض سے متعلق تحقیقی شعبے شامل ہیں۔ اس موقع پر تحقیق کے جدید رجحانات، تکنیکی مہارتوں اور عالمی تجربات کے تبادلے پر بھی گفتگو کی گئی۔
ایکسپرٹ سروس پروگرام کے ذریعے او آئی سی ممالک کے اداروں کو عالمی ماہرین سے تکنیکی مشاورت، تربیت اور تحقیقی تعاون کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ سائنسی تحقیق اور جدت کے فروغ میں مدد مل سکے۔
یہ پروگرام پاکستان اور ترکیہ کے سائنسی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور خطے میں مالیکیولر بائیولوجی و جینیاتی انجینئرنگ کے شعبوں میں نئی تحقیقی راہیں کھولنے میں معاون ثابت ہوگا۔
او آئی سی کامسٹیک ایکسپرٹ سروس پروگرام کے تحت ترک ماہر کی سینٹر آف ایکسی لینس اِن مالیکیولر بائیولوجی آمد




