اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم 12 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئی.جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم ستائیس جولائی سے آٹھ اگست تک پاکستان کا تاریخی دورہ کرے گی۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ کے اعلامیہ کے مطابق جنوبی کوریا اور پاکستان کے درمیان چار بین الاقوامی ٹیسٹ میچز اسلام آباد کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے ۔جنوبی کوریا کی ہاکی ٹیم کے دورے سے پاکستان میں بین الاقوامی ہاکی کی سرگرمیوں کی بحالی کو نئی تقویت ملے گی۔
اعلامیہ میںکہا گیا ہے جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کا دورہ ملک میں کھیلوں کے فروغ سے متعلق وزیراعظم پاکستان کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
مشیر وزیراعظم برائے بین الاصوبائی رابطہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا کی قومی ہاکی ٹیم کا دورہ پاکستان میں قومی کھیل کی بحالی کی جانب ایک تاریخی پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا یہ دورہ پاکستان کے پرامن اور محفوظ تشخص کو عالمی سطح پر اجاگر کرے گا۔
سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے کہا ہے کہ دورۂ جنوبی کوریا پاکستان کی اسپورٹس سفارت کاری اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اعلامیہ میںکہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان کی جانب سے جنوبی کوریا کی ٹیم کو اعلیٰ سطح کی سیکیورٹی، پروٹوکول اور انتظامی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔


