ایف آئی اے کی موثر کارروائیاں ویزا فراڈ میں‌ہتھیائے گئے لاکھوں‌روپے واپس

ہانگ کانگ ورک ویزا فراڈ میں 41 لاکھ جبکہ ایک اور فراڈ میں 4 لاکھ اور پاسپورٹ برآمد کئے گئے

اسلام آباد(نیوزرپورٹر) فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی اسلام آباد زون نے انکوائری نمبر 574/26 کے تحت ویزا فراڈ کی ایک شکایت پر موثر کارروائی کرتے ہوئے انکوائری مرحلے پر ہی متاثرہ شہری کی مکمل رقم واپس کروا لی۔شکایت کنندہ محمد منیر نے ایف آئی اے کو آگاہ کیا کہ ویزا ایجنٹ عمران فاروق نے سال 2022 میں انہیں اور ان کے رشتہ داروں کو ہانگ کانگ کے ورک ویزے دلوانے کے وعدے پر 41 لاکھ روپے وصول کیے۔ تاہم ملزم نے نہ تو وعدے کے مطابق ویزے فراہم کیے اور نہ ہی رقم واپس کی۔
شکایت کی تصدیق کے بعد 03 جون 2026 کو انکوائری درج کی گئی جو انسپکٹر اقرا جہانگیر کو تفویض کی گئی۔انکوائری کے دوران ملزم عمران فاروق سے شکایت کنندہ کی مکمل رقم 41 لاکھ روپے واپس کروا لی گئی اور فریقین کے درمیان باضابطہ تصفیہ نامہ بھی تحریر کیا گیا۔
ایک اور کاروائی میں‌ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی اسلام آباد نے کاروائی کرتے ہوئے ویزا فراڈ میں 4 لاکھ روپے لوٹنے اور پاسپورٹ ضبط کرنے والے ملزم سے رقم واپس کروا لی
اسلام آباد: فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد نے ویزا فراڈ کی ایک شکایت پر فوری کارروائی کرتے ہوئے انکوائری نمبر 522/2026 کے تحت ملزم سے شکایت کنندہ کی مکمل رقم انکوائری مرحلے پر ہی واپس کروا لی۔
شکایت کنندہ نے ایف آئی اے کو آگاہ کیا کہ ملزم نے بیرون ملک ویزا دلوانے کے وعدے پر سال 2024 میں مختلف اوقات میں بینک اکاؤنٹ کے ذریعے 4 لاکھ روپے وصول کیے اور 9 سے 10 ماہ میں ویزا دلوانے کی یقین دہانی کروائی۔ تاہم دو سال گزرنے کے باوجود نہ تو ویزا دیا اور نہ ہی رقم واپس کی۔ مزید یہ کہ ملزم نے شکایت کنندہ کا پاسپورٹ بھی 2 سال سے اپنے قبضے میں رکھا ہوا تھا۔ رقم کا مطالبہ کرنے پر ملزم نے ٹال مٹول سے کام لیا اور بعد ازاں جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔
ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی اسلام آباد نے شکایت موصول ہوتے ہی فوری کارروائی کا آغاز کیا اور انکوائری مرحلے پر ہی ملزم سے مکمل رقم واپس کروا کر شکایت کنندہ کے حوالے کر دی۔
شکایت کنندہ نے ایف آئی اے کی فوری اور موثر کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون، ڈپٹی ڈائریکٹر طارق مسعود اور انکوائری افسر اقصیٰ اقبال سب انسپکٹر کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔