پاکستان میں‌گوگل آفس قائم ، وزیراعظم نے افتتاح کیا

نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ملکی تقدیر بدل سکتے ہیں: شہباز شریف
پاکستان آنا اور یہاں کام کرنا گوگل کے لیے ایک اعزاز ہے ، نائب صدرگوگل ولسن ایل وائٹ

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)گوگل نے پاکستان میں‌بھی اپنا دفتر کھول لیا ہے جس کا وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہبازشریف نے افتتاح کیا ہے.
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں‌ پاکستان میں گوگل کے مقامی دفتر کے قیام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے عمل سے گزر رہا ہے، نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرکے ملکی تقدیر بدلی جاسکتی ہے۔
شہباز شریف نے گوگل کی ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہا اور کہا کہ گوگل کے مقامی دفتر کا قیام وقت کی ضرورت تھا، امید ہے کہ پاکستان اور گوگل کے درمیان شراکت داری مستقبل میں مزید فروغ پائے گی۔
گوگل کے نائب صدر ولسن ایل وائٹ نے وزیراعظم سے ملاقات پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آنا اور یہاں کام کرنا گوگل کے لیے اعزاز ہے۔انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے آئی ٹی برآمدات کو 30 ارب ڈالر تک لے جانے کے ہدف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہدف گوگل کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔
ولسن ایل وائٹ کے مطابق گزشتہ 10 برس کے دوران گوگل نے پاکستان میں 3.9 ٹریلین روپے کی اقتصادی سرگرمی پیدا کرنے میں کردار ادا کیا، جبکہ اس عرصے میں تقریباً 9 لاکھ 60 ہزار ملازمتیں پیدا ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گوگل کے مقامی دفتر کے قیام سے روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔
اس موقع پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزیر شزا فاطمہ اور پاکستان میں‌امریکی سفیر نیٹلے بیکر بھی موجود تھیں.