ملتان:معصوم بچے کو گاڑی تلے کچلنے والا درندہ اپنے انجام کو پہنچ گیا

ملتان(بیورورپورٹ)ملتان میں یتیم بچےکو کارسےکچل کر ہلاک کرنے والا مرکزی ملزم تو قیربہاولپور کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں مارا گیا۔ سی سی ڈی کے مطابق ناردرن بائی پاس بہاولپور پر پولیس نے 2 موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔ پولیس کے روکنے پر ملزمان نے بھاگتے ہوئے فائرنگ کی،اس دوران ملزم توقیر اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ ملزم کاساتھی فرار ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی عرفان اکبر کے مطابق واقعے کے بعد ملزم توقیر نذیرکو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا گیا اور پھر ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا تھا جہاں سے وہ فرار ہوگیا تھا۔ڈسٹرکٹ آفیسر سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ناردرن بائی پاس بہاولپور پر پولیس نے 2 موٹرسائیکل سواروں کو روکنے کی کوشش کی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس کے روکنے پر ملزمان نے بھاگتے ہوئے فائرنگ کی،اس دوران ملزم توقیر اپنے ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ ملزم کاساتھی فرار ہوگیا۔
ملتان کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں 15 سالہ یتیم لڑکے کو کار تلے کچل کر قتل کرنے کی مختلف سی سی ٹی وی فوٹیجز میں لڑکے کا تعاقب کرنے اور اس پر گاڑی چڑھانے کے مناظر سامنے آئے تھے۔ملزمان نے قتل کو حادثہ ثابت کرنے کی کوشش کی تاہم مختلف زاویوں سے سامنے آنے والی ایک سے زیادہ سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیوز نے ثابت کیا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ ظالمانہ انداز کا قتل تھا۔
ویڈیوز میں لڑکے کو بھاگتے اور ملزمان کو اس کا پیچھا کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ایک اور سی سی ٹی وی کیمرے کی ویڈیو میں وہ درد ناک منظر بھی قید ہوا جس میں ملزمان نے بچے پر تیز رفتار کار چڑھادی اور وہ موقع پر دم توڑ گیا۔
واقعے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور توقیر نذیر نامی ایک ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔
سی پی او ملتان اختر فاروق کے مطابق مقتول لڑکا ایک این جی او کے یتیم خانے میں مقیم تھا، جہاں سے اسے 7 روز قبل الیکٹریشن کا کام سیکھنے کے لیے ملزم توقیر کے پاس بھیجا گیا تھا۔ ملزم مختلف عمارتوں میں بجلی کے کام کے ٹھیکے لیتا تھا اور ماضی میں بھی یتیم خانے کے بچے اس کے پاس تربیت حاصل کرتے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عدالت میں پیشی کے دوران وکلاء نے ملزم کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔