دیامربھاشا ڈیم منصوبےکا ہائیڈرو مکینیکل کنٹریکٹ چینی کمپنی کومل گیا

ایچ ایم ون کنٹریکٹ 133 ارب 18 کروڑ روپے پر مشتمل ہے،ترجمان واپڈا
81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہو گا،4500 میگا واٹ کم لاگت، ماحول دوست پن بجلی بھی پیدا ہو گی

اسلام آباد(نیوزرپورٹر)دیامربھاشا ڈیم منصوبےکا ہائیڈرو مکینیکل کنٹریکٹ چینی کمپنی کومل گیا ہے. واپڈا کے ترجمان کےمطابق دیامر بھاشا ڈیم پروجیکٹ کا ہائیڈرو مکینیکل (ایچ ایم ون) کنٹریکٹ چینی کمپنی پاور چائنا اور آئیکان کے جوائنٹ وینچر کو دیا گیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ایچ ایم ون کنٹریکٹ 133 ارب 18 کروڑ روپے پر مشتمل ہے۔
دیامر بھاشا ڈیم کے پروجیکٹ ڈائریکٹر عارف علی اور جوائنٹ وینچر کے نمائندے لنگ جیانکے نے اس کنٹریکٹ پر دستخط کیے۔ترجمان واپڈا کے مطابق چیئرمین واپڈا محمد سعید نے معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم چلاس سے 40 کلو میٹر جنوب میں دریائے سندھ پر تعمیر کیا جا رہا ہے، جس کی تکمیل پر 81 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہو گا، جس سے 4500 میگا واٹ کم لاگت، ماحول دوست پن بجلی بھی پیدا ہو گی۔