ابتدائی طور پر اور سیز پاکستانیز فاؤنڈیشن برطانیہ، یورپ اور امریکہ سے 20 طلباء کو اس کونسل کیلئے منتخب کرے گی
اسلام آباد(نیوزرپورٹر) بیرون ممالک میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے اوورسیز پاکستانیز یوتھ کونسل قائم کر دی ہے جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی ترقی میں براہ راست شامل ہو سکیں گے۔ او پی ایف حکام کے مطابق ابتدائی طور پر او پی ایف برطانیہ، یورپ اور امریکہ سے 20 طلباء کو اس کونسل کیلئے منتخب کرے گی اور انہیں پاکستان کے سفیر کا درجہ دیا جائے گا جو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ درخواست گزاروں کیلئے ضروری ہو گا کہ وہ تسلیم شدہ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن میں رجسٹرڈ طالب علم ہوں جن کی عمر 18 سے 25 سال کے درمیان ہونی چاہئے۔ خواہشمند امیدواران او پی ایف کی آفیشل ویب سائٹ سے اپلائی کر سکتے ہیں۔ اوورسیز پاکستانیز یوتھ کونسل کے ممبران کو ایک سال کیلئے منتخب کیا جائے گا۔ منتخب طلباء کو اسلام آباد، لاہور، کراچی کی اہم مقامات کے دورے اور ملک کی اہم شخصیات صدر پاکستان، وزیراعظم پاکستان سے ملاقاتیں بھی کرائی جائیں گی تاکہ جب وہ پاکستان سے واپس جائیں تو ان ممالک میں پاکستان کے برینڈ ایمبیسیڈر بن کر پاکستان کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے رکھیں کہ وزیراعظم عمران خان کی زیر قیادت نئے پاکستان میں کیا ہو رہا ہے۔ طلباء کے دوروں کے تمام اخراجات او پی ایف برداشت کرے گی۔



