پشاور:خیبرپختونخواحکومت نے دوٹوک الفاظ میں کہاہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں صوبے کے مفادات سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے‘ صوبے کے حقوق پرکوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا‘ اپنے حق کے حصول کیلئے ڈٹے رہینگے اورہرفورم پر آوازبلندکرتے رہیں گے۔ان خیالات کااظہارصوبائی وزیرقانون سلطان محمد نے صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایم ایم اے کے رکن عنایت اللہ کے سوال کاجواب دیتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیرقانون نے کہاکہ سی پیک کے تحت 28اپریل کورشکئی اکنامک زون کی تعمیر کیلئے وزیراعظم نے چین میں معاہدے پر دستخط کئے ہیں یہ ملک کا پہلااکنامک زون ہوگا جس کی تعمیر چینی کمپنی سی آربی سی کریگی اور تعمیراتی کا م پر128ملین ڈالرکاخرچ آئے گا‘ صوبائی حکومت سی پیک کے متعلق اپنے کسی بھی موقف سے پیچھے نہیں ہٹی ہے صوبے کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ قبل ازیں اپوزیشن لیڈراکرم درانی نے کہاکہ چین نے سی پیک اپنے ملک کے پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے تعمیر کیاجائے لیکن حکومت صوبے کے پسماندہ اضلاع کی بجائے رشکئی جیسے ترقیاتی مقام پر ا کنامک زون کی تعمیر کررہی ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے وعدوں کے باوجود بنوں اور ڈی آئی خان میں اکنامک زون کی تعمیرنہیں کی جارہی ہے سی پیک میں پسماندہ اضلاع کو شامل کیاجائے ورنہ یہ منصوبہ متنازعہ بن جائے گا۔



