وزیراعظم کے دورہ واشنگٹن کے بعد شکیل آفریدی سے جیل حکام کے روئیے میں تبدیلی محسوس کی، وکیل،باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں ، سرکاری اہلکار

وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورئہ امریکا کے بعد پاکستان میں گرفتار پاکستانی نژاد امریکی جاسوس ڈاکٹر شکیل آفریدی کے اہل خانہ نے ان سے اُمیدیں وابستہ کر لی ہیں۔ جیل حکام نے اس ہائی پروفائل قیدی کے لئے قواعد و ضوابط نرم کر دیئے ہیں۔ اس کے وکیل قمر ندیم آفریدی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے دورئہ واشنگٹن کے بعد شکیل آفریدی کے بارے میں جیل حکام کے رویوں میں تبدیلی محسوس کی گئی۔ انہوں نے یہ بات اس کے بھائی جمیل آفریدی اور دیگر اہل خانہ کے حوالے سے بتائی۔ شکیل آفریدی کو پشاور سینٹرل جیل سے ساہیوال جیل منتقل کیا گیا۔ متعلقین نے اس امر پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ وکیل کے مطابق ان کے مؤکل شکیل آفریدی سے جیل میں برا سلوک ہوتا تھا۔ سرکاری رائے لینے کیلئے رابطہ کرنے پر نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر ایک سرکاری اہلکار نے بتایا کہ یہ تمام باتیں غلط اور بے بنیاد ہیں ، حکومت قانون اور عدالتی معاملات میں مداخلت نہیں

کرتے ، جیل کے اپنے ضابطے ہیں ان پر عمل کیا جاتا ہے ، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ جیل میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہورہی۔
بشکریہ :جنگ