سی پیک پر کام کی رفتار سے مطمئن ہیں، چینی سفیر ایف ٹی اے کا دوسرا مرحلہ اگلے ماہ حتمی شکل اختیار کر لے گا، یاؤ جنگ کا ویمن چیمبر کے وفد سے ملاقات میں اظہار

Image result for islamabad women chamber met with china ambassador pic
اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ ہمارا ملک سی پیک پر کام کی رفتار سے مطمئن ہے، پاکستان اور چین کے مابین آزادانہ تجارت کے معاہدے کا دوسرا مرحلہ اگلے ماہ حتمی شکل اختیار کر لے گاجس کے بعد پاکستان کی زرعی پیداوار اور سی فوڈ سمیت 90 فیصد اشیا پر صفر ڈیوٹی عائد ہو گی جس سے تجارت متوازن کرنے میں مدد ملے گی۔ چین کے سفیر یاؤ جنگ نے یہاں ویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل کی قیادت میں آنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایف ٹی اے ٹوکے آپریشنل ہونے کے بعد پاکستان کی برآمدات میں 500 ملین ڈالر تک کا اضافہ ہو گا۔ پاکستان کے تعلیم، صحت، زراعت، آبپاشی اور انسانی وسائل کے شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر جلد عمل درآمد ہو گا۔ انہوں نے باہمی تجارت میں اضافہ کے لئے ویمن چیمبر کی سفارشات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کی تاجر خواتین کو قریب لانے کی کوشش کریں گے اور چینی تاجر خواتین کو نومبر میں منعقد ہونے والے پانچویں اسلام آباد ایکسپو میں مدعو کریں گے جبکہ پاکستانی تاجر خواتین کو چین میں منعقد ہونے والے مختلف نمائشوں میں بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین میں پاکستانی دستکاریوں کی بڑی مانگ ہے جبکہ بلوچستان کی دستکاریوں کو بہت پسند کیا جاتا ہے.