
سری لنکن کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کردی ہے کہ سری لنکا کی وزارت دفاع نے کرکٹ ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔
سری لنکا کرکٹ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے کہا کہ وزارت دفاع نے منگل کو دورہ پاکستان کے لیے حوالے سے گرین سگنل دیتے ہوئے ٹیم پاکستان بھیجنے کی اجازت دے دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دورہ منصوبہ بندی کے تحت ہی ہو گا، مجھ سمیت سمیت چند آفیشلز بھی ٹیم کے ہمراہ پاکستان جائیں گے۔
گزشتہ ہفتے سری لنکن ٹیم کو دورہ پاکستان کی صورت میں دہشت گرد حملے کی دھمکی کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد یہ دورہ کھٹائی میں پڑ گیا تھا۔
اس موقع پر حکومت پاکستان نے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے سری لنکن بورڈ کو فول پروف سیکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی جس کے بعد اس دورے کی راہ ہموار ہوئی۔
یاد رہے کہ مارچ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں کیے گئے دہشت گرد حملے کے بعد پاکستان پر عالمی کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے۔
اس حملے میں 6 پاکستانی پولیس اہلکار اور دو شہری جاں بحق ہو گئے جبکہ سری لنکن ٹیم کے کھلاڑی اور میچ آفیشلز زخمی بھی ہوئے تھے۔
موہن ڈی سلوا نے کہا کہ پاکستان نے ہماری ٹیم کو سربراہ مملکت سطح کی سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی خدشات کے سبب سری لنکن ٹیم کے 10 اہم کھلاڑی پہلے ہی دورہ پاکستان سے انکار کر چکے ہیں۔ سری لنکن ٹیم پہلے ہی دورہ پاکستان کے لیے ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈز کا اعلان کر چکی ہے۔



