
پشاور:پاکستان میں متعین چین کے سفیر یاؤ جنگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات مثالی ہیں اور سی پیک خطے میں معاشی و اقتصادی ترقی کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہو گا انہیں خوشی ہے کہ پاکستانی حکومت اس عظیم ترقیاتی منصوبے کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پشاور میں تجارتی برادری کے لئے جلد ہی ویزوں کا اجرا کر دیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں چین کے 70 ویں قومی دن کی شاندار تقریب سے خطاب اور پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفت گو میں کیا۔یاؤ جنگ نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور وسطی ایشیائی ریاستوں تک معیشت کے استحکام کا باعث بنے گا۔خاص طور پر خیبر پختون خوا میں سی پیک کے چھ بڑے منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں جن میں سے ایک سکھی کناری منصوبہ ہے جس سے نہ صرف صوبے بلکہ ملک میں توانائی کے بحران پر مکمل قابو پانے میں مدد ملے گی بلکہ لوگوں کی بڑی تعداد کو روزگار بھی ملے گا اسی طرح رشکئی اکنامک زون علاقے کی تقدیر بدل دے گا۔اس منصوبے میں ڈیڈھ لاکھ سے زیادہ لوگوں کو روزگار ملے گا۔یاوجنگ نے کہا کہ پشاور کے عوام سے انہیں دلی لگاؤ ہے اور چاہتے ہیں کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں انسانی فلاح و بہبود کے منصوبے بھی شروع کئے جائیں۔چینی سفیر نے کہا کہ پشاور اور خیبر پختون خوا کے تاجروں اور صنعت کاروں کی بڑی تعداد چین جاتی ہے جس کے لئے وہ ویزوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور جلد ہی پشاور میں ویزہ سنٹر کھولنے کے کوشش کی جائے گی۔چینی سفیر یاؤ جنگ نے پشاور کے بین الاقوامی شہرت یافتہ صحافی امجد عزیز ملک کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک سال کے عرصے میں جس طرح عوامی سطح پر پاکستان خاص طور پرپشاور اور چین کے درمیان دوستی کے رشتوں کو مضبوط کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے مزید کہا کہ پشاور میں چائنہ ونڈو کے قیام نے پشاور کے شہریوں کو چین کی ثقافت سے آگاہی کا شاندار موقع فراہم کیا ہے اور چینی سفارت خانہ چائنہ ونڈو کی مزید کامیابی کے لئے ہر ممن سہولت اور تعاون فراہم کرے گا۔قبل ازیں چینی سفیر یاوجنگ نے دیگر سفارت کاروں کے ہمراہ چائنہ ونڈو کا دورہ کیا۔انہوں نے چینی تاریخ و ثقافت سے متعلق مختلف گیلریاں دیکھیں، ویب سائیٹ کا افتتاح کیااور میڈیا سے گفت گو میں کہا کہ اس ثقافتی مرکز نے انہیں بہت متاثر کیا ہے ایک برس میں دوسری مرتبہ چائنہ ونڈو کا دورہ کرنے کے بعد ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں ہے۔انہوں نے اعلان کیا کہ پشاور اور خیبر پختون خوا کے دیگر شہروں سے وفود کو چین کے تربیتی اور سیاحتی دوروں پر بھیجا جائے گا۔چینی سفیر نے چائنہ ونڈو میں لگی دیوار چین کے سامنے تصاویر بھی بنوائیں۔اس سے پہلے چینی سفیر نے چائنہ ونڈو سمیت سی پیک اور چین کے بارے میں خبروں اور مضامین پر مشتمل میگزین چائنہ ونڈو کا باضابطہ افتتاح بھی کیا۔



