مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: 

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ  مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا  بچانے کے لئے مچل رہے ہیں اور  مدارس میں اصلاحات پر بھی پریشانی ہے۔۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی و پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے موجودہ معاشی صورتحال اور معیشت کی بحالی کے لیے اقدامات پر بریفنگ دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں مولانا فضل الرحمان اور اپوزیشن کے احتجاج پر بھی بات چیت کی گئی، اراکین اجلاس کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اب 27 اکتوبر کی تاریخ نہ بدلیں اور اسلام آباد آ جائیں۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان اپنی ڈوبتی سیاست بچا رہے ہیں، وہ مدارس اصلاحات پر ذیادہ پریشان ہیں، مدارس میں اصلاحات سے طلباء ایسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہو سکیں گے۔ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے کوئی پریشانی نہیں ہے، تحریک انصاف سب سے بڑی عوامی قوت ہے، احتجاجی تحریکوں کا مقصد این آر او کے لیے دباؤ ڈالنا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے حکومتی بیانیے کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے ترجمانوں کو کہا کہ عوام کو حکومت کی کامیابیوں سے مؤثر طریقے سے آگاہ کیا جائے، اور  مولانا فضل الرحمان کے دھرنے کے مقاصد سے بھی آگاہ کریں۔