عوام ملازمتوں کے لئے حکومت کی جانب نہ دیکھیں ، نوکریاں دینا ہمار ا کام نہیں ہے، فواد چودھری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے اہم ترین وعدے سے انحراف کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے عوام سے کہا ہے کہ روزگار کے لیے حکومت کی جانب نہ دیکھیں۔اسلام آباد کے انجینیئرنگ اداروں کے دوسرے ڈینز انٹرنیشنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو روزگار فراہم نہیں کرسکتی بلکہ میں آپ کو یہ بتانا چاہوں گا کہ حکومت 400 محکموں کو بند کرنے پرغورکررہی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان یا دنیا کے دیگر ممالک کی حکومتیں سکڑ رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یہ نہایت ضروری ہے کہ عوام کو بتایا جائے کہ حکومت روزگار فراہم نہیں کرسکتی، اگر ہم روزگار دلانے لگ جائیں تو معیشت تباہ ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ 1970 کی سوچ ہوا کرتی تھی کہ حکومت روزگار فراہم کرے گی مگر اب نجی شعبے روزگار فراہم کرتے ہیں۔تاہم بعد ازاں مختلف چینلز پر ٹکر چلنے کے باعث انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے ان کے بیان کو توڑ موڑ کر پیش کیا جارہا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے کہا میں نے کہا ک تھا کہ نوکریاں حکومت نہیں نجی شعبہ دیتا ہے، حکومت کا کام صرف ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں، یہ نہیں کہ ہر شخص سرکاری نوکری ڈھونڈے۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آنے سے قبل اپنے منشور میں کہا تھا کہ وہ چھوٹے اور درمیانی صنعتوں، ہاوسنگ، انفارمیشن اینڈ کمیونکیشن ٹیکنالوجی، صحت، تعلیم اور سبز معیشت و سیاحت کے شعبوں میں ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرے گی۔فواد چوہدری نے خود جنوری کے مہینے میں کہا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت وعدے کے مطابق نوجوانوں کے لیے 1 کروڑ نئے روزگار جلد پیدا کیے جائیں گے جبکہ غریبوں کے لیے 5 لاکھ گھر تعمیر کیے جائیں گے۔اس موقع پر پاکستان انجنئیرنگ کونسل کی سابق چئیرمین سینٹر رخسانہ زبیری نے اپنے خطاب میں اس بات پر زور دیا کہ پاکستان انجنئیرنگ کونسل کی گورننگ باڈی میں خواتین انجنئیر ز کی شمولیت کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انجنئیرکا سروس سٹریکچر بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں قائمہ کمیٹی نے اس حوالے سے کافی کام کیا ہے۔