شاہی جوڑے نے لاہور میں مصروف دن گزارا، کرکٹ کھیلی، بادشاہی مسجد میں تلاوت سنی ، تلاوت سنتے ہوئے شہزادی کی دوپٹے والی معصوم تصویر نے دھوم مچادی،شہزادی کی اردو میں بچے کو سالگرہ کی مبارکباد

لاہور:  برطانوی شہزادی کی اردو سوشل میڈیا پرمقبول ہوگئی کیٹ مڈلٹن نے اردو میں ننھے بچوں کو سالگرہ کی مبارکباد دے کر دل جیت لیے۔

شاہی جوڑا دورہ پاکستان کے چوتھے روزلاہورپہنچا ، شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا لاہور پہنچنے پر ریڈ کار پٹ استقبال کیا گیا،

شاہی جوڑے کو ائیر پورٹ پر گورنر محمد سروراوروزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے خو ش آمدید کہا، دو بچوں نے پھول بھی پیش کئے۔ برطانوی رائل ائیر فورس کا طیارہ شاہی مہمان کو لے کرلاہورائیر پورٹ پر اترا، پینٹ شرٹ میں ملبوس شہزادہ ولیم اپنی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن کے ساتھ مسکراتے ہوئے طیارے سے اترے ۔

ائیر پورٹ پر گورنر اور وزیر اعلی پنجاب نے معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ شہزادہ ولیم نے اپنے استقبال کے لئے موجود دو بچیوں سے بھی حال دریافت کیا۔

شاہی جوڑے کو ان کی آمد پر تحائف بھی دیئے گئے۔ شاہی جوڑے سے گورنر اور وزیر اعلی نے ائیرپورٹ لانج میں ملاقات بھی کی۔ شہزادی کیٹ مڈلٹن آج بھی مشرقی رنگ میں رچی بسی نظر آئیں، سفید لانگ شرٹ، ٹراوزر، شانوں پر دوپٹہ ہاتھ میں ایوری کلر پرس اور میچنگ کاٹ شوز مرکز نگاہ تھے۔

لاہور میں شاہی جوڑا ایس او ایس ولیج گیا جہاں برطانوی جوڑے نے بچوں کی سالگرہ کی ایک تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پرپہلی بار شہزادی نے اردومیں گفتگو کرکے سب کو حیران کردیا۔دراصل ایس اوایس ولیج میں بچوں کی سالگرہ کی تقریب منعقد کی گئی تھی۔

سالگرہ کی تقریب میں کیٹ مڈلٹن نے بچوں کو اردو میں مبارکباد دی اور بچوں کا نام لیتے ہوئے کہا اور اب اس تقریب کا سب سے اہم حصہ ایمن، ابہام اور دانیال آپ سب کو سالگرہ بہت بہت مبارک ہو۔

کیٹ مڈلٹن کو اردو میں مبارکباد دیتے دیکھ کروہاں موجود تمام لوگ خوشی سے جھوم اٹھے۔ بعد ازاں شاہی جوڑے نے تینوں بچوں سے ہاتھ ملایا۔

ایس اوایس ولیج میں ننھے بچوں سے ملاقات کے بعد شاہی جوڑے نے لاہور کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا،نیشنل کرکٹ اکیڈمی پہنچنے پر شہزادہ

ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا پر تپاک استقبال کیا۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دورے کے دوران کیٹ مڈلٹن بیٹنگ کرتے ہوئے— فوٹو: رائٹرز

اس موقع پر قومی کرکٹ ٹیم کے مرد و خواتین کھلاڑی بھی موجود تھے، شاہی جوڑے نے کرکٹ بھی کھیلی اور محظوظ ہوئے۔جس کے لیے امپائرنگ کے فرائض سابق فاسٹ بولر وقار یونس نے انجام دیئے۔

حسن علی کی ایک گیند پر برطانوی شہزادہ ولیم نے چھکا لگایا ۔ ایک گیند پر حسن علی نے برطانوی شہزادے کو آوٹ کیا لیکن امپائر وقار یونس نے اس گیند کو نو بال قرار دے دیا۔شاہی جوڑے نے بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا۔

برطانوی شہزادے اور ان کی اہلیہ کو تاریخی بادشاہی مسجد کے دورے کے دوران تفصیلات بتائی جا رہی ہیں— فوٹو: رائٹرز

اس موقع پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے مسجد کا احترام کرتے ہوئے سر پر دوپٹہ اوڑھ لیا۔اس موقع پر بادشاہی مسجد کے اطراف میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن 14 اکتوبر کی شب 5 روزہ تاریخی دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔

شاہی جوڑا 18 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوگا۔ گزشتہ 10 سال میں کسی بھی برطانوی شاہی جوڑے کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے