اسلام آباد کا سفر پانچ دنوں پر محیط ہو گا،کارکنان ایک ہفتے کے قیام کا بندوبست کر کے آئیں، جے یو آئی (ف) نے آزادی مارچ کے شرکاء کے لئے ہدایت نامہ جاری کر دیا۔

Image result for jui f flag

اسلام آباد:جمعیت علمائے اسلام(ف) نے پارٹی کارکنان اور شرکا کو آزادی مارچ کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کر تے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد کا سفر کم سے کم چار سے پانچ دنوں پر محیط ہو گا لہذا کارکنان کم سے کم ایک ہفتے کے قیام کا بندوبست کر کے آئیں۔ترجمان جے یو آئی (ف)کے مطابق کارکنان ایک بستر، کمبل اور دو جوڑے کپڑے، خشک میوہ جات، چنے اور پانی ساتھ لے کر آئیں۔ترجمان نے بتایا کہ شرکا کو ہدایت دی گئی ہے کہ خود بھی پر امن رہیں اور کارکنان کو بھی پر امن رہنے کی تلقین کریں، عوام الناس کے املاک کو کسی بھی صورت میں نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔ہدایت نامے میں کہا گیا کہ کسی بھی عہدیدار یا کارکن کو اپنے ساتھ لائسنس یافتہ یا غیر لائسنس یافتہ ہتھیار، چاقو، ڈنڈا یا لاٹھی رکھنی کی اجازت نہیں۔ہر ضلعی جماعت رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ایک کرین اور ایمبولینس ساتھ لائے، ہر گاڑی میں پینے کا پانی اور نمک موجود ہونا چاہیے۔ہدایت نامے میں بتایا گیا کہ قافلے کی ہر گاڑی کے لیے ایک امیر مقرر کیا جائے اور روانہ ہونے سے قبل گاڑی میں موجود کارکنان کی ویڈیو بنا لی جائے۔ہر کارکن قومی شناختی کارڈ ساتھ لائے اور گاڑی میں کسی اضافی سواری کو بغیر تصدیق نہ بٹھایا جائے، جو کارکن اپنی گاڑی سے اترے وہ زیادہ دور جانے کی کوشش نہ کرے۔ہدایت نامے میں مزید کہا گیا کہ قافلے کے راستے میں مساجد، مدرسوں کو صاف رکھا جائے اور وہاں پی ٹی سی ایل فون اور وائی فائی سروس یقینی بنائی جائے۔