ہارلے سٹریٹ میں واقع معروف بیکری پر زائد المعیاد اور ناقص اشیاء کی فروخت

 

بیکری آئٹم کو کیمیکل کے انجکشن لگائے جاتے ہیں تاکہ وہ دیکھنے میں تروتازہ نظر آئیں ، ملازم کا انکشاف
ہمیں خریداری کا کمپیوٹرائزڈ بل بھی نہیں دیا جاتا تاکہ چیز خراب ہونے کے صورت میں نقصان کی تلافی نہ کراسکیں، گاہکوں کی دہائی

 

…………………………………………………………………………….

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) کنٹونمنٹ بورڈ چکلالہ کی مجرمانہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث ہارلے سٹریٹ راولپنڈی کے پوش علاقے میں واقع شملہ بیکری کی تیار کردہ ناقص اشیاء کے خلاف صارفین پھٹ پڑے ۔صارفین نے الزام عائد کیا کہ شملہ بیکرز اینڈ سویٹس نامی دکان پر زائدالمیعاد اور ناقص بیکری آئٹمز کیک، پیسٹری، پیزا، شوارما، چکن رول، چکن سموسہ، سینڈوچ، بریڈاور دیگر متعلقہ اشیاء کی ڈھٹائی سے فروخت جاری ہے۔خریداروں کو الیکٹرانک بل بھی جاری نہیں کیا جاتا تاکہ وہ بعدمیں اشیاء خراب نکلنے کی صورت میں خریداری کا بل نہ ہونے کے باعث بیکری انتظامیہ سے اپنے نقصان کی تلافی کا مطالبہ نہ کر سکیں۔
روزنامہ سی پیک نیوز کی ٹیم نے بیکری انتظامیہ سے خریداروں کو الیکٹرانک بل جاری نہ کئے جانے کی وجہ پوچھی تو انہوں نے یہ کہ کر ٹال دیا کہ ہماری بلنگ مشین خراب ہو گئی ہے اس لئے ہم گاہکوں کو خریداری کا بل جاری نہیں کرسکتے۔اس موقع پر بیکری پر موجود گاہک غصے سے پھٹ پڑے۔ خاتون کسٹمر مسماة ف نے روزنامہ سی پیک کو بتایا کہ شملہ بیکری والے پوش علاقے کا ناجائز فائدہ اٹھا کر ہر چیز مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں، پھرجب اس بیکری سے خریدا گیا کیک گھر لے جا کر کھائو تو وہ میٹھے کے بجائے کہیں سے کھٹا اور کہیں سے کڑوا اور بدبودارنکلتا ہے جبکہ سینڈوچ کے اندر کائی اور پھپھوندی پائی جاتی ہے۔ مردہ مرغی کے بدبودار سموسوں اور خراب چکن شوارما کی الگ ہی کہانی ہے۔ میں ان تمام خراب چیزوں کو لوٹانے ہی یہاں آئی تھی مگر بیکری انتظامیہ نے میرے پاس بل نہ ہونے کی وجہ سے اپنے فروخت شدہ خراب مال کو واپس لینے سے صاف انکار کردیا ۔
روزنامہ سی پیک نیوز کی ٹیم نے جب شملہ بیکری کے کارخانے کا مشاہدہ کیا تو ہر طرف گندگی اور غلاظت کے انبار نظر آئے۔زنگ آلود پرانے برتنوںناقص اور غیرمعیاری کوکنگ آئل بھرا پڑا تھا جبکہ فرش پر جا بجا میدہ اور چینی بکھری ہوئی تھی۔اس کے علاوہ مضرصحت خطرناک کیمکلز کے ڈبوں کا ڈھیر بھی وہاں پر موجود تھا۔اس موقع پر بیکری کے ایک ملازم نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر سی پیک کو بتایاکہ کیک، پیسٹری، پیزا، سینڈوچ وغیرہ کو ان کیمیکلز کے انجکشن لگاتے ہیں تا کہ ان کی میعاد پوری ہونے کے باوجود بھی وہ بظاہر تازہ اور فریش نظر آئیں اور بیکری کو انہیں تلف نہ کرنا پڑے۔ایسا صرف بیرونی سطح تک ہی ممکن ہے جبکہ کیک، پیسٹری وغیرہ کے اندر بیکٹیریا کی موجودگی کے باعث گلنے سڑنے کا عمل مسلسل جاری رہتا ہے۔ان حالات میں ہماری کوشش ہوتی ہے کہ گاہک کو مطمئن کرکے مطلوبہ چیز فوری طور پر اس حوالے کرکے جان چھڑائی جائے۔خریداری کا الیکٹرونک بل ہم اسی لیے جاری نہیں کرتے کہ بعد میں جب گاہک خراب مال ہمیں واپس لوٹانے آئے تو ہم اس کے پاس خریداری کا ثبوت نہ ہونے پر مال واپس لینے سے صاف انکار کر دیں۔عوام نے اس تمام تشویشناک صورتحال کو ملی بھگت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے انسانی صحت سے کھلینے والے ان شرپسند عناصر کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔