عام طور پر والدین اپنے بچوں کی شادی کے لیے فکرمند رہتے ہیں اور وہ ان کے رشتوں کے لیے جہاں اشتہارات شائع کرواتے ہیں، وہیں وہ میرج بیورو اور رشتہ داروں کی خدمات بھی حاصل کرتے ہیں۔
تاہم بھارت کی ایک نوجوان لڑکی کی جانب سے اپنے لیے دلہا تلاش کرنے کے بجائے اپنی والدہ کے لیے جیون ساتھی تلاش کرنے پر اس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
نوجوان لڑکی نے ٹوئٹر پر اپنی والدہ کے لیے ادھیڑ عمر دلہے کی ضرورت کا اشتہار دے کر سب کو حیران کردیا۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق قانون کی طالبہ استھا ورما نے ٹوئٹر پر اپنی والدہ کے لیے 50 سالہ دلہے کی ضرورت کا اشتہار دے دیا۔
نوجوان لڑکی نے ٹوئٹ میں بتایا کہ وہ اپنی والدہ کے لیے 50 سال کی عمر تک کا دلہا تلاش کر رہی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ وہ خوش شکل نظر آنے والے، گوشت سے پرہیز کرنے اور شراب نوشی سے دور رہنے والے مرد کو ترجیح دیں گی۔

نوجوان لڑکی نے یہ ٹوئٹ تین دن قبل کی تھی اور اب تک ان کی اسی ٹوئٹ پر 13 ہزار سے زائد افراد نے کمنٹ کیے ہیں، جن میں سے زیادہ تر افراد نے ان کی تعریف کی۔
کئی افراد نے نوجوان لڑکی کی والدہ کے لیے دلہے بھی تجویز کیے اور کہا کہ نریندر مودی اور بولی وڈ اداکار انیل کپور جیسے مرد ان کی والدہ کے لیے آئیڈیل دلہے ہیں۔

استھا ورما کے ٹوئٹر ہینڈل کے مطابق وہ نیل پالش آرٹسٹ ہیں اور وہ اس حوالے سے آن لائن اسٹور بھی چلاتی ہیں۔

ان کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ شاعری بھی کرتی ہیں، ساتھ ہی وہ قانون کی تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں اور وہ نظریاتی طور پر ملحد اور نرگسیت کا شکار بھی ہیں۔





