وفاقی سیکرٹری (انچارج) ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کا تاج پورہ لاہور میں زیر تعمیر نئے حاجی کیمپ کا دورہ


نئی بلڈنگ کی تعیر کے باوجود حج 2026 کے لیے لاہور ریلوے سٹیشن کے نزدیک پرانا حاجی کیمپ ہی زیر استعمال رہے گا


لاہور(خصوصی رپورٹر)
وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے زیر تعمیر حج کمپلکس، تاج پورہ لاہور کی سائٹ کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
ڈائریکٹر حاجی کیمپ لاہور رضوان شریف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سید مجیب شاہ، کمیونیکشن اینڈ ورکس، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ پنجاب اور فنانس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے نمائندوں نے موقع پر وفاقی سیکرٹری کو بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور کا نیا حج کمپلیکس 57 کنال چار مرلے پر مشتمل ہے۔ نئے حج کمپلیکس میں تربیت کے لیے آڈیٹوریم، ایڈمن بلاک، کیفے ٹیریا، رہائشی بلاک، پارکنگ، مسجد کی سہولیات شامل ہیں۔ لینڈ ایکوائر کرنے کے بعد 2022 میں تعمیرات کا آغاز ہوا تھا۔
وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے ہدایت جاری کی کہ نئے حاجی کیمپ کی تعمیر میں اللہ کے مہمانوں کی بہترین سہولیات کو مدنظر رکھا جائے۔ فندز کی بروقت دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا تاہم سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر ساجد محمود چوہان نے منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ حج 2026 کے لیے لاہور ریلوے سٹیشن کے نزدیک پرانا حاجی کیمپ ہی زیر استعمال رہے گا