نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات ،نیب نے تفتیش کے لئے بلائے گئے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال کو گرفتار کرلیا

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب)نے مسلم لیگ (ن) کے  مرکزی جنرل سیکریٹری چودھری احسن اقبال کو گرفتار کر لیا ہے ۔نیب راولپنڈی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں پیر کو طلب کیا تھا۔

نیب ترجمان نے احسن اقبال کی گرفتاری تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رہنما ن لیگ کو  آج منگل کو جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں اور نیب راولپنڈی کے تفتیشی افسر پی ڈبلیو ڈی کی ٹیم کے ہمراہ نارووال کا دورہ کر چکے ہیں۔

علاوہ ازیں گرفتاری سے قبل  میڈیا سے گفتگو میں  احسن اقبال کا کہنا  تھا کہ عمران خان کی دھمکیوں کے سامنے نہیں جھکیں گے۔  احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے برسوں پرانے منصوبے مکمل کیے، مسلم لیگ(ن)کی کامیاب پالیسیوں کے خلاف جھوٹ بولا گیا،

فارن فنڈنگ سے قوم کا مینڈیٹ چھینا گیا، 15ماہ میں 12 لاکھ افراد بیروزگار ہو چکے ہیں، پاکستان جتنا اعتماد کھوچکا ہے ماضی میں ایسا کبھی نہیں تھا، ملک کو حکومت کی نالائقی اور تباہی سے بچائیں گے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت نیب کا نام اپنے ایجنڈے کے لئے استعمال کررہی ہے اور نیب کے ذریعے مخالفین کی کردار کشی کررہی ہے، حکومت کی ناکامی پر اٹھنے والی ہر آواز کو خاموش کرایا جارہا ہے، مسلم لیگ(ن)عمران خان کی دھمکیوں سے نہیں جھکے گی،

نارروال اسپورٹس سٹی منصوبے پر اب تک ڈھائی ارب روپے خرچ ہوئے ہیں لیکن مجھ پر الزام لگایا گیا کہ اس منصوبے میں 6 ارب روپے کی کرپشن کی گئی، منصوبے کی منظوری اس وقت دی گئی جب میں اپوزیشن کاحصہ تھا۔