آرمی ایکٹ سے بہت سے مسائل اور آئینی و قانونی سقم پیدا ہوجائیں گے: مشتاق احمد خان

 پشاور :امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ آرمی ایکٹ سے بہت سے مسائل اور آئینی و قانونی سقم پیدا ہوجائیں گے۔

عجلت اور بے ہنگم انداز میں قانون سازی کرنے کی صورت میں وہی مسائل پیدا ہوں گے جو نوٹیفیکیشن کی صورت میں پیدا ہوئے۔ خدشہ ہے کہ حکومت کے اناڑی پن اور ناتجربہ کاری کی وجہ سے معیاری قانون سازی نہ ہوسکے۔ حکومت نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں اضافہ کرکے عوام کو بجلی کا جھٹکا دے دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مفتاح العلوم شیر گڑھ میں جماعت اسلامی کی صوبائی مجلس شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں شوریٰ اراکین، امراء اضلاع اور برادر تنظیمات کے ذمہ داران شریک ہوئے۔ اجلاس میں گزشتہ ایک سال کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور رپورٹس پیش کی گئیں ۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ حکومت نے ضم اضلاع کو مستقل نظر انداز کردیا ہے

نئے سال پر خوشخبریوں کے دعوے کرنے والے وزیر اعظم نے قوم کو بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کی صورت میں خوشخبری دے دی ہے۔ حکومت نے ڈیڑھ سال میں اپنی پالیسیوں کی وجہ سے ناکامیوں کے جھنڈے گاڑ دئیے ہیں۔ ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے حوالے کردیا ہے۔ حکومتی اقدامات سے ملک کا ہر فرد متاثر ہورہا ہے۔

حکومت اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہوجائے۔ ۔