فارن فنڈنگ کے تحت مسلط ہونے والوں نے معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجادی،ایٹمی قوت پر سمجھوتے کا بھی خطرہ ہے۔ احسن اقبال

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ جب سے یہ حکومت اقتدار میں آئی ہر پاکستانی کی گردن پر ایک لاکھ 60 ہزار کا قرض ہے، 72 سالوں میں جو قرض ایک پاکستانی پر ایک لاکھ 20 ہزار روپے تھا، ایک سال میں 40 ہزار کا قرض ایک پاکستانی پر بڑھا۔ پارلیمنٹ ہاوس آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ جو پہلے سے جاری منصوبے ہیں یہ حکومت ان کو بھی مکمل نہیں کر سکی، یہ پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے آئے ہیں۔سابق وزیر نے الزام لگایاکہ سب سے بڑا مافیا عمران خان خود ہے، انہیں فارن فنڈنگ کے تحت مسلط کیا گیا ہے، پاکستان کی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا دی ہے، اسپانسرزکا ایجنڈا ہے کہ ملکی معیشت کو کمزور کرکے ایٹمی قوت پر سمجھوتا کرنے پر مجبور ہوجائیں۔