پاکستان میں کرونا وائرس بڑھنے لگاتصدیق شدہ مریضوں کی تعداد اکیس ہوگئی

گلگت بلتستان کے ضلع اسکردو میں کورونا وائرس کے ایک اور کیس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد

21 ہوگئی۔گلگت بلتستان کے محکمہ صحت کے فوکل پرسن ڈاکٹر شاہ زمان کا کہنا تھا کہ 31 سالہ شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ متاثرہ شخص 25 فروری کو ایران سے پاکستان پہنچا تھا، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اب تک گلگت بلتستان میں ایک خاتون سمیت 3 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ڈاکٹر شاہ زمان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خطرات کے باعث یہ کوشش کی جارہی ہے کہ جمعہ کے اجتماعات محدود کردیے جائیں۔
گزشتہ روز بھی اسکردو کے 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ متاثرہ لڑکا اپنی والدہ کے ساتھ 25 فروری کو ایران سے پاکستان پہنچا تھا۔ڈاکٹر شاہ زمان نے کہا تھا کہ متاثرہ لڑکے کی رپورٹ اسلام آباد کی لیبارٹری بھیجی گئی تھی جہاں متاثرہ فرد کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا۔
26 فروری کو ہی معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مجموعی طور پر 2 کیسز کی تصدیق کی۔
29 فروری کو ڈاکٹر ظفر مرزا نے ملک میں مزید 2 کیسز کی تصدیق کی، جس سے اس وقت تعداد 4 ہوگئی تھی۔
3 مارچ کو معاون خصوصی نے کورونا کے پانچویں کیس کی تصدیق کی۔
6 مارچ کو کراچی میں کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آیا، جس سے تعداد 6 ہوئی۔
8 مارچ کو شہر قائد میں ہی ایک اور کورونا وائرس کا کیس سامنے آیا۔
9 مارچ کو ملک میں ایک ہی وقت میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے 9 کیسز کی تصدیق کی گئی۔
10 مارچ کو ملک میں کورونا وائرس کے 3 کیسز سامنے آئے تھے جن میں سے دو کا تعلق صوبہ سندھ اور ایک کا بلوچستان سے تھا، جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 19 ہوگئی تھی۔11 مارچ کو اسکردو میں ایک 14 سالہ لڑکے میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد مجموعی تعداد 20 تک پہنچ گئی ۔