وزیراعظم آزادکشمیر نے کرونا کمبیٹ فنڈ قائم کر دیا

اسلام آباد : وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموںوکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ریاست بھر میں کرونا وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر تمام محکمہ جات کو الرٹ رہنے اور فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کرونا کمبیٹ فنڈ قائم کرنے کی منظور دیدی ہے ۔
وزیر اعظم نے20مارچ سے آزادکشمیر آنے اور جانے والی پبلک ٹرانسپورٹ کو معطل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ علماء کرام کرونا وائرس سے نمنٹنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ مظفرآباد میں قائم وزیر اعظم ہائوس کو قرنطینہ سینٹر بنانے کیلئے وہاں ضروری سامان پہنچایا جائے ، تینوں ڈویژنز کے اندر قرنطینہ سینٹر فوری طور پربنائے جائیں اور رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ارسال کی جائے۔ وزیراعظم کے حکم پر AIMSمظفرآباد میں کرونا وائرس ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے ۔وزیر اعظم نے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی خان کو ترجمان /فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے،سرکاری دفاتر میں چھٹی کے فیصلے کو موخر کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی ہے کہ مشکل وقت ہے زیادہ وقت گھروں میں گزاریں اور انتہائی ناگزیر حالات میں بازاروں کا رخ کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
کورونا وائرس کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر وزیر اعظم آزادکشمیر نے ہنگامی اقدامات اٹھاتے ہوئے تینوں ڈویژنز کے کمشنرز کو اپنے اپنے علاقوں کا فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے ۔ کرونا کمبیٹ فنڈ میں وزرا کرام 15 دن اراکین اسمبلی 5 دن گریڈ 21 اور 22کے5 یوم گریڈ 19 اور 20 کے 4 جبکہ 16 سے 18 کے 3 یوم کی تنخواہ میں سے کٹوتی کی جائیگی جبکہ غیر جریدہ ملازمین کی تنخواہوں سے کٹوتی نہیں ہو گی ۔ فنڈ کے قیام کا مقصد کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کو علاج معالجے کے لیے فنڈز کی فراہمی ہے ۔وزیر اعظم آزادکشمیر نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ افراد کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر اپنے محدود وسائل میں پوری کوشش کررہی ہے کہ موجودہ صورتحال سے نمٹے ۔
عوام سے اپیل ہے کہ زیادہ وقت گھروں میں گزاریں غیرضروری باہر نا نکلیں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ہم نے اجتماعی طور پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہے نماز جمعہ پر پابندی نہیں لیکن علما حضرات صرف مسنون خطبہ ہی دیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں تفتان سے آے ایک شہری میں کرونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ متاثرہ شہری کو میرپورہسپتال میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے اس کی حالت تسلی بخش ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان سے گزارش کی ہے کہ تفتان سے آنیوالے زائرین کو ڈی آئی خان میں رکھیں ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ دفاتر میں غیر ضروری نقل و حرکت سے ہر ممکن طور پر گریز کیا جائے ۔ وزیر اعظم نے پبلک ٹرانسپورٹ کی معطلی کی ہدایت کرتے ہوئے مال بردار گاڑیوں کی سروس کو بحال رکھنے کا حکم دیا۔