وزیراعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبے کیلئے تاریخی ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کردیا

 

وزیراعظم عمران خان
نےتعمیرات کے شعبے کو صنعت کا درجہ دینے ملک کے تعمیراتی شعبے کیلئے تاریخی ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال تک تعمیرات کے کام میں پیسہ لگانے والوں سے پوچھا نہیں جائے گا کہ پیسہ کہاں سے آیا، تعمیراتی شعبے کو صنعت کا درجہ دے دیا گیا، جو فیملی بھی گھر بیچے گی اس پر کیپٹل گین ٹیکس نہیں لگے گا، کنسٹرکشن انڈسٹری ڈیولپمنٹ بورڈ بھی بنانے کا اعلان کردیا
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تعمیرات کے سیکٹر میں ٹیکس فکسڈ کر رہے ہیں، نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں سرمایہ کاری کرنے والوں کو خاص رعایت ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ نیاپاکستان ہاؤسنگ اسکیم کے لیے 30 ارب روپے کی سبسڈی دے رہے ہیں، 14 اپریل سے کنسٹرکشن سیکٹرکھولیں گے جبکہ تعمیراتی سیکٹرپر فکسڈ ٹیکس لگارہے ہیں، حکومت شعبہ تعمیرات میں ٹیکس چھوٹ بھی دے گی۔وزیراعم نے کہا کہ سیمنٹ اور اسٹیل کے علاوہ تعمیرات سے منسلک دیگر شعبوں پر وِد ہولڈنگ ٹیکس ختم کر دیا گیا ہے جبکہ صوبوں کے ساتھ مل کر سیلز ٹیکس کو بھی کم کر رہے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کنسٹرکشن انڈسٹری کو پیکج دینے کا مقصد مزدور طبقے کو ریلیف دینا ہے، گھر بیچنے پرکیپٹل گین ٹیکس نہیں لگے گا۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے لاک ڈاؤن جاری ہے جس کی مدت میں 14 اپریل تک اضافہ کیا گیا ہے۔