دنیا بھر میں گدھوں کی آبادی کو شدید خطرہ

دنیا بھر میں گدھوں کی آبادی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ اس کی وجہ چین میں ان کے چمڑے کی زبردست مانگ ہے جس کا وہ کھانے بنانے اور روایتی ادویات تیار کرنے میں استعمال کر رہے ہیں۔

گدھوں کا گوشت بھی چین میں مقبول ہیں لیکن چین میں ان کی تعداد کم ہو گئی ہے اور سپلائرز اس کی تلاش میں دوسری جگہوں کا رخ کر رہے ہیں۔ ان کی تعداد میں کمی کا ایک سبب ان کی افزائش نسل میں کمی بھی ہے۔

اس کے سبب بطور خاص غریب افریقی شہریوں کو شدید دقت کا سامنا ہے کیونکہ گدھے نقل و حمل اور کاشت کاری میں ان کی زندگی کا اہم حصہ ہیں۔

گذشتہ چند سالوں میں بعض جگہ گدھوں کی قیمت دگنی ہو گئی ہے۔ جہاں چوروں کی چاندی ہے وہیں غریب کاشت کار نیا جانور خریدنے کے اہل نہیں ہیں۔

دو بچوں کے باپ اینتھونی نے کہا: ‘میں نے گاوں میں زمین خریدی، گھر خریدا، بچوں کی سکول فیس ادا کی اور اپنے کنبے کی دیکھ بھال کرتا رہا۔’

اور یہ سب ان کے گدھے کے طفیل تھا۔ انھوں نے روتے ہوئے بتایا: ‘ایک صبح میں جاگا تو کارلوس غائب تھا۔ میں نے اسے تلاش کیا تو اسے مردہ پایا اور اس کی کھال نکالی جا چکی تھی۔’کینیا میں گوشت کے تین پلانٹس کی وجہ سے گدھوں کی مانگ اور قیمت میں اضافہ دیکھا گيا ہے۔ ایک پلانٹ میں روزانہ ڈیڑھ سو جانوروں کا گوشت تیار کیا جاتا تھا۔

ان کا گوشت اور چمڑہ حاصل کرنے سے قبل ان کے سر پر بولٹ گن ماری جاتی ہے۔

سٹار بریلیئنٹ ڈنکی ایکسپورٹ پلانٹ کے چیف ايگزیکٹو جان کاریوکی کہتے ہیں کہ ‘کینیا ہی نہیں بلکہ افریقہ میں انھیں سب سے پہلے گدھوں کے گوشت کا پلانٹ کھولنے کا سرکاری پرمٹ ملا تھا۔’

ان کے مطابق اب لوگ گائے سے زیادہ گدھے بیچ رہے ہیں۔

انھوں نے کہا: ‘ہم چین سے خوش ہیں کیونکہ اس سے قبل گدھوں سے کوئی آمدنی نہیں ہوتی تھی اور اب لوگوں کو گدھوں سے بہت فائدہ ہو رہا ہے۔’

چین کے خریدار ہر مرحلے پر نظر رکھتے ہیں تکہ اس مناسب طور پر تیار اور پیک کرنے کو یقینی بنایا جا سکے۔

لیکن جس طرح سے گدھوں کے ساتھ سلوک کیا جا رہا ہے اس پر تنقید ہو رہی ہے۔

برطانیہ میں گدھوں کے لیے کام کرنے والی تنظیم اور جنوبی افریقہ میں مبنی گروپ آکس پیکرز کے ماحولیاتی اور تحقیقاتی صحافیوں نے جانوروں کے ساتھ ناروا سلوک کی باتیں اٹھائی ہیں۔

دا ڈنکی سینکچوئری کے مائک بیکر نے کہا: ‘گدھوں کو درپیش یہ سب سے بڑا بحران ہے۔۔۔ ہم لاکھوں گدھوں کو لے جاتے ہوئے دیکھ رہے ہیں اور جس سطح پر ان کی تکالیف ہیں ایسا ہم نے کبھی نہیں دیکھا۔’

گدھوں کو بھوکا رکھ کر مارا جا رہا ہے تاکہ ان کی جلد اتارنے میں آسانی ہو۔ لیکن مسٹر بیکر کا کہنا ہے کہ ‘بین الاقوامی دباؤ کے اثرات اب دیکھے جا رہے ہیں’ اور کئی ممالک نے چین کو گدھے اور اس سے تیار مصنوعات برآمد کرنے پر پابندی لگا دی ہے۔